Tuesday, March 24, 2026
 

26 نومبر احتجاج کیس: بشریٰ بی بی کی عبوری ضمانت میں 9 اپریل تک توسیع

 



انسداد دہشت گردی عدالت نے 26 نومبر احتجاج کیس میں بشریٰ بی بی کی عبوری ضمانت میں 9 اپریل تک توسیع کر دی۔ کیس کی سماعت انسداد دہشت گردی عدالت کے جج امجد علی شاہ نے کی۔ سماعت کے دوران بشریٰ بی بی کے وکیل فیصل ملک عدالت میں پیش ہوئے۔ وکیل صفائی نے عدالت سے استدعا کی کہ بشریٰ بی بی کو تمام مقدمات میں شامل تفتیش کیا جائے، مؤقف اختیار کیا گیا کہ پولیس نے تاحال انہیں کسی بھی مقدمے میں شامل تفتیش نہیں کیا۔ عدالت نے حکم دیا کہ 29 مقدمات میں بشریٰ بی بی کو شوہر اور وکلا کی موجودگی میں شامل تفتیش کیا جائے۔ دریں اثنا انسداد دہشت گردی عدالت نے جی ایچ کیو حملہ کیس کی سماعت بغیر کسی کارروائی کے 7 اپریل تک ملتوی کردی۔ سماعت کے دوران آج بھی اڈیالہ جیل اور عدالت کے درمیان ویڈیو لنک سسٹم فعال نہ ہو سکا جس کے باعث کارروائی آگے نہ بڑھ سکی۔ عدالت نے آئندہ سماعت پر ویڈیو لنک سسٹم کو فعال بنانے کی ہدایت جاری کر دی۔ کیس کی سماعت انسداد دہشت گردی عدالت کے جج امجد علی شاہ نے کی جبکہ سابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد اور شیریں مزاری عدالت میں پیش ہوئے، دیگر ملزمان کی عدالت میں حاضری کا سلسلہ بھی جاری رہا۔ عدالت کو بتایا گیا کہ بانی چیئرمین پی ٹی آئی کی جیل روبکار پر حاضری لگائی گئی۔ کیس میں اب تک 119 گواہوں میں سے 44 کے بیانات ریکارڈ کیے جا چکے ہیں۔ وکیل صفائی کے مطابق ویڈیو لنک ٹرائل سے متعلق نوٹیفکیشن کو ہائی کورٹ میں چیلنج کیا گیا ہے، جس پر آئندہ سماعت میں مزید پیش رفت متوقع ہے۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل