Thursday, April 02, 2026
 

ملک بھر میں ایل پی جی مافیا سرگرم، قیمت میں من مانا ہوشربا اضافہ کردیا

 



مشرق وسطیٰ میں کشیدگی اور توانائی کے ممکنہ بحران کے دوران ملک بھر میں ایل پی جی مافیا نے گیس کی قیمت میں من مانا ہوشربا اضافہ کردیا ہے۔ ایکسپریس نیوز کے مطابق اوگرا نے ایل پی جی گیس کی قیمت 304 روپے 28 پیسے مقرر کی ہے جبکہ لاہور سمیت ملک بھر میں مافیا نے 450 روپے سے زائد فی کلو قیمت وصول کرنا شروع کردی ہے۔ لاہور سمیت ملک بھر میں کہیں بھی ایل پی جی اوگرا کی مقررہ قیمت پر دستیاب نہیں جبکہ عوام 146 روپے فی کلو گرام مہنگی ترین ایل پی جی خریدنے پر مجبورہیں اور فی کلو قیمت 470 روپے تک پہنچ گئی ہے۔ ایل پی جی مافیا نے قیمتیں بڑھا کر چند روز میں عوام سے اربوں روپے کما لیے جبکہ اس صورت حال میں اوگرا سمیت کسی بھی ادارے کا ایکشن نظر نہیں آرہا۔ ایل پی جی ڈسٹری بیوٹرز ایسوسی ایشن کے مطابق پاکستان میں روزانہ 6 ہزار میٹرک ٹن سے زائد کی ایل پی جی فروخت ہوتی ہے۔ ایکسپریس نیوز نے دکاندار گوہر سے مہنگی فروخت کرنے کے حوالے سے بات چیت کی تو انہوں نے کہا ایل پی جی مارکیٹنگ کمپنیوں کی طرف سے ہمیں اوگرا کی مقر رہ کر دہ قیمت پر نہیں ملتی، آج مجھے 443 روپے کے حساب سے ملی ہے میں کیسے 304 روپے میں فروخت کروں۔ انہوں نے کہا کہ سب دکانداروں کو پکڑتے ہیں جو مافیا دونوں ہاتھوں سے لوٹ رہا ہے ان کو کیوں نہیں پکڑا جا رہا؟ ہمیں اوگرا کی قیمت پر ایل پی جی دیں ہم فروخت کریں گے مافیا نے اربوں روپے کما لیے اوگرا کہاں ہے صوبائی ادارے کہاں ہیں کس پلانٹ اور کس فیکٹری میں چھاپہ مارا گیا ابھی پولیس آئے گی ہم غریب دکانداروں کو پکڑ کر لے جائے گی۔ رکشہ ڈرائیور عثمان کاشف نے کہا اب تو مرنا بھی مشکل ہوگیا ہے آپ جینے کی بات کر رہے ہیں، دو وقت کی روٹی نہیں ایک وقت کی بھی نہیں مل رہی مہنگائی اس قدر زیادہ ہے کہ سواری نہیں ملتی اگر مل جائے تو پیسے پورے نہیں دیتی کیا کریں کہاں جائیں کس کا گریبان پکڑیں۔ انہوں نے کہا کہ ہر کوئی لوٹ مار میں لگا ہوا ہے، اوگرا ترجمان کا کہنا ہے کہ قانون کے تحت قیمتوں پر عملدرآمد کرانا اب صوبائی حکومتوں کا کام ہے اوگرا نے اس حوالے سے تفصیلی ہدایات بھی جاری کر دی ہیں۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل