Loading
ایران کی پاسداران انقلاب نے کہا ہے کہ آپریشن وعدہ حق 4 کی 94 ویں لہر کا آغاز کردیا گیا ہے اور اس دوران اسرائیل کے انڈسٹریل اور فوجی تنصیبات کے ساتھ ساتھ فوجی کمانڈرز کے جمع ہونے کے مقام کو نشانہ بنایا گیا ہے۔
پاسداران انقلاب کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ آپریشن وعدہ حق 4 کی 94 مہم کے تحت صبح سویرے ہی کارروائیاں شروع کی گئیں، ان حملوں میں تل ابیب سمیت فلسطین کے مقبوضہ علاقوں کے جنوب، وسط اور شمال میں تنصبیات کو نشانہ بنایا گیا۔
بیان میں کہا گیا کہ بیلسٹک میزائل، ٹھوس اور مائع ایندھن پروجیکٹائلز، خرمشہر، خیبر شکن اور عماد میزائل استعمال کیے گئے، اس کے علاوہ خودکش ڈرونز سے بھی اسرائیلی فوجی تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا۔
پاسداران انقلاب کا کہنا تھا کہ ڈیمونا، نیگیو، بیریشیبا اور رامات گین میں قائم تنصبیات کو جدید انداز اپناتے ہوئے نشانہ بنایا گیا، جس کے دوران اسرائیل کے انتہائی جدید فضائی نظام کی کئی لہروں کو ناکام بنایا گیا اور وہ ایرانی ڈرونز روکنے میں ناکام ثابت ہوا۔
اسرائیل میں حملوں کے حوالے سے بتایا گیا کہ یہ ایرانی مسلح افواج کی ایک بہت بڑی کامیابی ہے اور خطے کے ممالک کے لیے خوشی کا لمحہ ہے۔
پاسداران انقلاب نے اتحادی فورسز کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ یمنی جنگجو گروپ نے جنوبی مقبوضہ فلسطینی علاقوں پر بلیسٹک میزائل حملے کیے، عراقی مزاحمتی گروپس نے ابھی 19 میزائل حملے کیے۔
الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق اسرائیل کی فوج نے تصدیق کی ہے کہ مرکزی علاقے میں میزائل کا ملبہ گرا ہے، جس کے بعد مذکورہ علاقے کی طرف سرچ اور ریسکیو ٹیمیں روانہ کردی گئی ہیں۔
اسرائیلی فوج نے عوام سے ہنگامی بنیاد پر درخواست کی وہ متاثرہ علاقے کے قریب جانے یا وہاں جمع ہونے سے گریز کریں اور ایمرجنسی سروسز کے اہلکاروں کو اپنا کام آزادانہ انداز میں کرنے دیں۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل