Loading
وزیراعظم کی سعودی عرب کے وزیرخزانہ سے اہم ملاقات ہوئی جس میں دونوں ممالک نے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کا اعادہ کیا جبکہ وزیراعظم نے کہا کہ ولی عہد کی سرپرستی میں دونوں ممالک کے درمیان مضبوط رشتہ مزید مستحکم ہوگا۔
وزیراعظم ہاؤس کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق پاکستان کے ایک روزہ دورے پر آئے سعودی عرب کے وزیرِ خزانہ محمد بن عبداللہ الجدعان سے شہباز شریف نے ملاقات کی۔
اس ملاقات میں نائب وزیرِاعظم اور وزیرِ خارجہ محمد اسحاق ڈار اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل جنرل سید عاصم منیر بھی شریک تھے۔
وزیرِاعظم نے سعودی مہمان کا خیرمقدم کرتے ہوئے خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کے لیے اپنے احترام اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
وزیرِاعظم نے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے اپنی حالیہ گرمجوش اور خوشگوار ٹیلیفونک گفتگو کا تذکرہ کرتے ہوئے پاکستان کے لیے ولی عہد کی گہری محبت اور مملکت کی جانب سے پاکستان کو برسوں سے جاری اقتصادی و مالی معاونت کو سراہا اور کہا کہ اس محبت نے پاکستان کے معاشی استحکام میں اہم کردار ادا کیا ہے۔
وزیرِاعظم نے اس بات کا اعادہ کیا کہ پاکستان کی حکومت اور عوام ہر مشکل وقت میں اپنے سعودی بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ کھڑے رہے ہیں گے اور دونوں ممالک کے درمیان یہ مضبوط رشتہ ولی عہد کی سرپرستی میں مزید مستحکم ہوگا۔
وزیرِاعظم نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان سعودی عرب کے ساتھ تجارت، سرمایہ کاری اور معاشی ترقی سمیت تمام شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے کے لیے پرعزم ہے۔
سعودی وزیرِ خزانہ نے وزیرِاعظم کا شکریہ ادا کیا اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ سعودی عرب پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دیرینہ اور برادرانہ تعلقات کو ولی عہد کے وژن کے مطابق مزید مضبوط بنانے کے لیے پرعزم ہے۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل