Saturday, April 11, 2026
 

خان پور: مبینہ پولیس مقابلے میں زخمی ملزم اسپتال منتقلی کے دوران دل کا دورہ پڑنے سے جاں بحق

 



خان پورپولیس کے ساتھ مبینہ  مقابلے میں زخمی ہونے والا ملزم اسپتال لےجاتے ہوئےراستے میں دل کا دورہ پڑنے سےجاں بحق ہوگیا۔ زرائع کے مطابق ہری پورکےعلاقہ خان پورپولیس اسٹیشن میں گرفتارزخمی ملزم کے مبینہ طورپر دوران حراست ہلاک ہونے کا واقعہ سامنے آیا ہےجہاں ملزم ریاض ولد اللہ داد دوران حراست ہلاک ہوگیا۔ پولیس حکام کےمطابق مبینہ پولیس مقابلے میں ملزم ٹانگ میں گولی لگنے سے زخمی ہوا تھا، پولیس حکام کےمطابق خان پور پولیس نے ایک کامیاب کارروائی کے دوران سنجیالہ قتل کیس میں مطلوب اشتہاری مجرم کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا جب کہ اس کا ایک ساتھی بھی پولیس کی حراست میں لے لیا گیا۔ کارروائی کے دوران ملزمان کے قبضہ سے دو عدد 30 بور پستول معہ ایمونیشن برآمد کر لیے گئے، ملزم ریاض ولد اللہ داد سکنہ سنجیالہ نے زمین کے تنازع پر مورخہ 08 مارچ 2026 کو مقتول ریاض ولد عبد الستار کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا تھا اور مقدمہ نمبر 176 مورخہ 08.03.2026 بجرم 302/34 تعزیرات پاکستان تھانہ خانپور میں درج تھا۔ ایس ایچ او تھانہ خانپور اعجاز علی، ڈی ایس پی خانپور راجہ محمد بشیر کی زیر نگرانی پولیس نفری کے ہمراہ علاقے میں موجود تھے کہ اطلاع ملی کہ مطلوب اشتہاری مجرم اپنے ساتھیوں سمیت کہدو روڈ نزد قبرستان موجود ہے۔ پولیس ٹیم فوری طور پر موقع پر پہنچی تو ملزمان نے پولیس کو دیکھتے ہی فائرنگ شروع کر دی، پولیس کی جانب سے بھرپور جوابی کارروائی کی گئی جس کے نتیجے میں اشتہاری ملزم ریاض زخمی ہو گیا اور اسے گرفتار کر لیا گیا جبکہ اس کا ساتھی ارشد محمود ولد سرور سکنہ پنجو کو بھی حراست میں لے لیا گیا، تاہم ملزمان کا تیسرا ساتھی اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔ ملزم گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے، زخمی ملزم کو فوری طور پر طبی امداد کے لیے ہیڈکوارٹر اسپتال خانپور منتقل کیاگیاجہاں ملزم راستے میں دل کا دورہ پڑنے سے جاں بحق ہوگیا۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ علاقے میں امن و امان کے قیام کے لیے اس طرح کی کارروائیاں بلا تعطل جاری رہیں گی، اس مقدمہ میں مزیدتحقیقات بھی جاری ہیں۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل