Saturday, April 11, 2026
 

دنیا کا نیا سفارتی دارالحکومت

 



بین الاقوامی سیاست کے بدلتے ہوئے منظرنامے میں کچھ شہر محض دارالحکومت نہیں رہتے بلکہ عالمی فیصلوں کے مراکز میں تبدیل ہو جاتے ہیں۔ واشنگٹن، لندن، بیجنگ اور برسلز جیسے شہروں نے طویل عرصے تک عالمی سفارت کاری کی باگ ڈور سنبھالی، مگر اکیسویں صدی کے تیسرے عشرے میں دنیا ایک نئی جغرافیائی اور سیاسی حقیقت کی طرف بڑھ رہی ہے۔ اس بدلتی ہوئی دنیا میں ایک نام غیر معمولی اہمیت کے ساتھ ابھر رہا ہے، اسلام آباد جو کبھی ایک پْرسکون اور نسبتاً غیر نمایاں دارالحکومت سمجھا جاتا تھا، آج عالمی سفارت کاری کے ایک نئے مرکز کے طور پر اپنی پہچان بنا رہا ہے۔ اس کی وجہ صرف اس کا جغرافیائی محلِ وقوع نہیں بلکہ پاکستان کی بدلتی ہوئی خارجہ پالیسی، علاقائی رابطہ کاری میں کردار، اور عالمی طاقتوں کے درمیان توازن قائم کرنے کی صلاحیت ہے۔ پاکستان کا جغرافیہ ہمیشہ سے اس کی سب سے بڑی طاقت رہا ہے۔ جنوبی ایشیا، وسطی ایشیا، مشرق وسطیٰ اور چین کے سنگم پر واقع پاکستان ایک قدرتی پل کی حیثیت رکھتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ اسلام آباد اب محض ایک قومی دارالحکومت نہیں بلکہ ایک ایسا پلیٹ فارم بنتا جا رہا ہے جہاں مختلف عالمی مفادات ایک دوسرے سے جڑتے ہیں۔ چین پاکستان اقتصادی راہداری (CPEC) نے اس اہمیت کو مزید بڑھا دیا ہے، جس کے ذریعے نہ صرف اقتصادی روابط مضبوط ہو رہے ہیں بلکہ سفارتی سرگرمیوں میں بھی اضافہ ہوا ہے۔ گزشتہ چند برسوں میں اسلام آباد نے کئی اہم عالمی ملاقاتوں، مذاکرات اور کانفرنسز کی میزبانی کی ہے۔ افغانستان کے مسئلے پر امریکا، چین، روس اور دیگر علاقائی قوتوں کے درمیان ہونے والے مذاکرات میں پاکستان کا کردار نمایاں رہا ہے۔ اسلام آباد اب ایک ایسا مقام بن کر ابھرا ہے جہاں متحارب قوتیں بھی مکالمے کے لیے آمادہ ہوتی ہیں۔ یہ پاکستان کی سفارتی کامیابی کا واضح ثبوت ہے۔ عالمی طاقتوں کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی نے بھی اسلام آباد کی اہمیت میں اضافہ کیا ہے۔ پاکستان نے بڑی مہارت سے ایک متوازن خارجہ پالیسی اپنائی ہے، جس کے تحت وہ کسی ایک بلاک کا حصہ بننے کے بجائے ایک پل کا کردار ادا کر رہا ہے۔ یہی حکمت عملی اسے ایک قابلِ اعتماد ثالث کے طور پر پیش کرتی ہے۔ اسلام آباد کی سفارتی اہمیت کا ایک اور پہلو اس کی سیکیورٹی صورتحال میں نمایاں بہتری ہے۔ ایک وقت تھا جب پاکستان کو سیکیورٹی خدشات کے باعث عالمی سطح پر تنقید کا سامنا کرنا پڑتا تھا، مگر آج صورتحال مختلف ہے۔ غیر ملکی سفارت کاروں، سرمایہ کاروں اور وفود کی بڑھتی ہوئی آمد اس بات کا ثبوت ہے کہ دنیا اب پاکستان کو ایک محفوظ اور مستحکم ملک کے طور پر دیکھ رہی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ پاکستان کی عسکری اور سیاسی قیادت نے بھی عالمی سطح پر اپنا مؤثر کردار ادا کیا ہے۔ چاہے وہ دہشت گردی کے خلاف جنگ ہو، یا علاقائی امن کے لیے کوششیں، پاکستان نے ہمیشہ ایک ذمے دار ریاست کے طور پر اپنا کردار ادا کیا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ اسلام آباد اب عالمی سفارتی نقشے پر نمایاں مقام حاصل کر رہا ہے۔ اس ابھرتی ہوئی حیثیت کے ساتھ کچھ چیلنجز بھی وابستہ ہیں۔ داخلی سیاسی استحکام، معاشی مضبوطی اور ادارہ جاتی ہم آہنگی وہ عوامل ہیں جن پر توجہ دیے بغیر اسلام آباد کا یہ سفارتی کردار پائیدار نہیں ہو سکتا۔ دنیا صرف جغرافیہ نہیں دیکھتی بلکہ استحکام، شفافیت اور پالیسی کے تسلسل کو بھی اہمیت دیتی ہے۔ پاکستان کو چاہیے کہ وہ اپنی اس بڑھتی ہوئی سفارتی اہمیت کو ایک جامع حکمت عملی کے تحت استعمال کرے۔ خارجہ پالیسی کو داخلی سیاست سے الگ رکھتے ہوئے ایک مستقل اور واضح سمت اختیار کی جائے۔ سفارت کاری کو محض حکومتی سطح تک محدود رکھنے کے بجائے تھنک ٹینکس، جامعات اور میڈیا کو بھی اس میں شامل کیا جائے تاکہ ایک ہمہ جہت بیانیہ تشکیل دیا جا سکے۔ مزید برآں، ڈیجیٹل سفارت کاری کے دور میں اسلام آباد کو ایک جدید سفارتی مرکز کے طور پر بھی خود کو منوانا ہوگا۔ سوشل میڈیا، عالمی میڈیا اور ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے ذریعے پاکستان اپنا مؤقف مؤثر انداز میں دنیا کے سامنے پیش کر سکتا ہے۔ یہ وہ میدان ہے جہاں مقابلہ سخت ہے، مگر مواقع بھی بے شمار ہیں۔ اسلام آباد کا قدرتی حسن، اس کی منصوبہ بندی اور اس کا پْرامن ماحول بھی اسے دیگر دارالحکومتوں سے ممتاز بناتا ہے۔ یہ شہر نہ صرف سفارتی سرگرمیوں کے لیے موزوں ہے بلکہ عالمی کانفرنسز، ثقافتی میلوں اور بین الاقوامی تقریبات کے لیے بھی ایک مثالی مقام بن سکتا ہے۔ اگر اس پہلو کو مؤثر انداز میں استعمال کیا جائے تو اسلام آباد کی نرم قوت (Soft Power) میں بھی اضافہ ہو سکتا ہے۔ آج دنیا ایک نئے توازن کی تلاش میں ہے۔ پرانی عالمی ترتیب ٹوٹ رہی ہے اور ایک نئی کثیر القطبی دنیا جنم لے رہی ہے۔ اس نئی دنیا میں وہی ممالک اور شہر اہمیت حاصل کریں گے جو لچکدار، متوازن اور دور اندیش پالیسیوں کے حامل ہوں گے۔ اسلام آباد ان تمام خصوصیات کا حامل بنتا جا رہا ہے۔ یہ کہنا قبل از وقت نہیں ہوگا کہ اگر پاکستان نے درست سمت میں پیش رفت جاری رکھی تو آنے والے برسوں میں اسلام آباد واقعی دنیا کا ایک اہم سفارتی دارالحکومت بن سکتا ہے۔ یہ نہ صرف پاکستان کے لیے بلکہ پورے خطے کے لیے ایک مثبت پیش رفت ہوگی۔ ہمیں یہ بات یاد رکھنی چاہیے کہ سفارتی اہمیت محض اتفاق سے حاصل نہیں ہوتی بلکہ اس کے پیچھے مسلسل محنت، دانشمندانہ فیصلے اور قومی یکجہتی کارفرما ہوتی ہے۔ اسلام آباد آج جس مقام پر کھڑا ہے، وہ ایک موقع بھی ہے اور ایک ذمے داری بھی۔ اگر ہم نے اس موقع کو درست انداز میں استعمال کیا تو دنیا کا نیا سفارتی نقشہ اسلام آباد کے گرد گھوم سکتا ہے۔ یہ سفر ابھی شروع ہوا ہے، اس کی منزل عالمی قیادت کے افق پر ایک روشن پاکستان ہے۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل