Wednesday, April 15, 2026
 

آئی ایم ایف کی معاشی شرح نمو کم اور مہنگائی بڑھنے کی پیشگوئی

 



آئی ایم ایف نے تازہ ورلڈ اکنامک آؤٹ لک رپورٹ میں پاکستان کی معیشت سے متعلق نئی پیشگوئیاں جاری کرتے ہوئے آئندہ مالی سال 2026-27 کیلیے شرحِ نمو کم کر کے 3.5 فیصد کر دی ہے، جو اس سے قبل 4.1 فیصد متوقع تھی۔ رپورٹ کے مطابق مہنگائی کی شرح میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے اور اسے بڑھا کر 8.4 فیصد تک کر دیا گیا ہے، جو پہلے 7 فیصد تھی۔ رواں مالی سال کے لیے بھی مہنگائی کا تخمینہ 6.3 فیصد سے بڑھا کر 7.2 فیصد کر دیا گیا۔آئی ایم ایف کے مطابق پاکستان ان ممالک میں شامل ہے جو مشرقِ وسطیٰ کی کشیدگی سے براہِ راست متاثر ہو سکتے ہیں، کیونکہ ملک اپنی تقریباً 90 فیصد توانائی کی ضروریات اسی خطے سے پوری کرتا ہے۔ تیل اور گیس کی قیمتوں میں ممکنہ اضافے سے معیشت پر دباؤ بڑھ سکتا ہے۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ آئندہ مالی سال کے لیے کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ بھی بڑھ کر جی ڈی پی کے 0.9 فیصد (تقریباً 5 ارب ڈالر) تک پہنچ سکتا ہے، جو اس سے پہلے 0.4 فیصد تھا۔ عالمی سطح پر بھی آئی ایم ایف نے معاشی ترقی کی رفتار میں کمی کی پیشگوئی کی ہے۔ ادارے کے مطابق اگر مشرقِ وسطیٰ میں تنازع شدت اختیار کرتا ہے تو عالمی معیشت کو شدید دھچکا لگ سکتا ہے، جبکہ تیل کی قیمتیں 100 سے 120 ڈالر فی بیرل تک جا سکتی ہیں۔ آئی ایم ایف نے حکومتوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ مالی نظم و ضبط بہتر بنائیں، اخراجات مؤثر بنائیں اور عالمی اقتصادی استحکام کیلیے باہمی تعاون کو فروغ دیں۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل