Wednesday, April 15, 2026
 

ایران سے دہائیوں پر محیط بداعتمادی فوری ختم نہیں ہو سکتی، جے ڈی وینس

 



امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے کہا ہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان اعتماد کا فقدان کئی دہائیوں پر محیط ہے، جسے مختصر وقت میں ختم کرنا ممکن نہیں۔ یونیورسٹی آف جارجیا میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ دونوں ممالک کے درمیان اعلیٰ سطح کے مذاکرات ایک طویل عرصے بعد بحال ہوئے ہیں تاہم تقریباً نصف صدی پر محیط بداعتمادی ایک ہی رات میں ختم نہیں کی جا سکتی۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ ایران کے ساتھ کسی محدود یا عارضی معاہدے کے بجائے ایک جامع اور دیرپا ڈیل کے خواہاں ہیں، یہی وجہ ہے کہ اب تک حتمی معاہدہ طے نہیں پا سکا۔ جے ڈی وینس نے مزید کہا کہ پاکستان میں ہونے والی بات چیت کے دوران پیشرفت ضرور ہوئی مگر ابھی مکمل معاہدہ طے ہونا باقی ہے۔ ان کے مطابق مجوزہ ڈیل کا بنیادی مقصد یہ ہونا چاہیے کہ ایران جوہری ہتھیار حاصل نہ کرے اور خطے میں کسی بھی قسم کی ریاستی سطح کی مداخلت یا دہشتگردی میں ملوث نہ ہو۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ اگر ایک مضبوط اور قابلِ عمل معاہدہ طے پا جاتا ہے تو ایران کو عالمی معیشت کا حصہ بننے کا موقع ملے گا جس کے بعد امریکا بھی ایران کے ساتھ ایک معمول کے ملک جیسا اقتصادی رویہ اختیار کرے گا۔ آخر میں نائب امریکی صدر نے کہا کہ موجودہ مذاکراتی صورتحال پر وہ محتاط طور پر پُرامید ہیں اور اس وقت جنگ بندی برقرار ہے، جو آگے بڑھنے کے لیے ایک مثبت اشارہ ہے۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل