Friday, April 17, 2026
 

اے ٹی ایم فراڈ میں ملوث گینگ گرفتار، بزرگ شہریوں اور پنشنرز کو نشانہ بنانے کا انکشاف

 



لاہور میں پولیس نے اے ٹی ایم مشینوں پر نوسر بازی کرنے والے گینگ کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے تین ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ ڈی آئی جی انویسٹی گیشن سید ذیشان رضا کی ہدایت پر جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں تیز کی گئیں، جس کے تحت انچارج انویسٹی گیشن وحدت کالونی جمشید اسلم نے اپنی ٹیم کے ہمراہ کامیاب آپریشن کیا۔ پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان سے نقدی اور ناجائز اسلحہ بھی برآمد کیا گیا۔ ایس پی اقبال ٹاؤن سدرہ خان نے بتایا کہ ملزمان اے ٹی ایم مشینوں پر بزرگ شہریوں اور پنشنرز کو مشین خراب ہونے کا جھانسہ دے کر ان کی رقم نکال لیتے تھے۔ مزید بتایا گیا کہ متاثرہ خاتون کومل اکرام کی رقم برآمد کر کے اسے واپس کر دی گئی ہے۔ ملزمان کو سی سی ٹی وی فوٹیج اور جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے گرفتار کیا گیا۔ دوران تفتیش ملزمان نے شہر کے مختلف علاقوں میں اے ٹی ایم فراڈ کی متعدد وارداتوں کا انکشاف کیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ تمام شواہد کی روشنی میں چالان مکمل کر کے ملزمان کو سخت سزا دلوانے کی کوشش کی جائے گی۔ ڈی آئی جی انویسٹی گیشن کا کہنا ہے کہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی، جبکہ ایس ایس پی انویسٹی گیشن محمد نوید نے کامیاب کارروائی پر پولیس ٹیم کے لیے تعریفی اسناد کا اعلان بھی کیا۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل