Loading
پاکستان کی دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ آبنائے ہرمز سب کے لیے سامان کی ترسیل کی اہم گزرگاہ ہے، ہم فوری طور پر آبنائے ہرمز کے فوری کھولنے کے مطالبے سے متفق ہیں۔
ہفتہ وار پریس بریفنگ ترجمان دفتر خارجہ طاہر اندرابی نے کہا کہ ایران امریکا مذاکرات پاکستان کی جانب سے جنگ بندی کی کال کے بعد شروع ہوئے، دونوں فریقین نے پاکستان کی کال کا پاس رکھا، مذاکرات کے بعد بھی سہولت کاری اور رابطوں کا سلسلہ جاری ہے جبکہ مذاکرات کا سلسلہ رُکا نہیں بلکہ جاری ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم فریقین کی جانب سے ہم پر کیے گئے اعتماد کے باعث مذاکرات و تجاویز کی تفصیلات پر بات نہیں کرتے۔ ہم معاملے پر فریقین سے رابطے میں ہیں، مذاکرات کے حوالے سے نئی اور پرانی تجاویز سب میز پر ہیں، امید ہے کہ امن کا بول بالا ہوگا۔
ترجمان نے کہا کہ آبنائے ہرمز پر میرا بیان ایک جنرل سینس میں تھا، یہ امریکا اور ایران کے ایک دوسرے پر الزامات کے حوالے سے نہیں تھا، ارومچی بات چیت میں ترجیحی ایجنڈا پاکستان کے خلاف دہشت گردی روکنا تھا۔
طاہر اندرابی نے کہا کہ بھارت کے غیرقانونی اور مقبوضہ لداخ میں نئے اضلاع کے فیصلے کی بھرپور مذمت کرتے ہیں، بھارت کے مقبوضہ لداخ یا جموں و کشمیر کے اسٹیٹس میں کسی بھی تبدیلی کی کوشش کی مذمت کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان جنگ بندی کو معمول کی جنگ بندی کے طور پر نہیں لینا چاہیے، کیونکہ اس سے مراد افغان سرزمین سے پاکستان کے خلاف دہشت گردی نہ ہونے دینا ہے۔
کمبوڈیا میں قید پاکستانیوں سے متعلق ترجمان کا کہنا تھا کہ کمبوڈیا میں 84 کے قریب پاکستانی پھنسے ہیں، ان میں 76 مرد اور 8 خواتین ہیں، کمبوڈیا میں ہمارا مشن کمبوڈیا میں انتطامیہ سے رابطے میں ہے۔
انہوں نے کہا کہ کمبوڈین انتطامیہ کی جانب سے انہیں خوراک و دیگر سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں، ان میں سے بیشتر افراد سیاحتی ویزے پر کمبوڈیا میں ملازمت کر رہے تھے جو کہ خلاف قانون ہے۔ اسی طرح متعدد افراد زائد المعیاد ویزوں پر کمبوڈیا میں موجود تھے، اطلاعات ہیں کہ اکثر افراد آن لائن اسکیم اور فراڈ والی ملازمت میں تھے۔
طاہر اندرابی نے کہا کہ صومالیہ میں بحری قزاقوں نے 21 اپریل کو 25 سے 11 پاکستانیوں کو یرغمال بنایا، بحری قزاقوں نے صومالی نیم خودمختار علاقے پُنٹ لینڈ میں بحری ٹینکر کو لنگرانداز کروایا۔
انہوں نے واضح کیا کہ معاملے پر صومالیہ کی حکومت سے رابطے میں ہیں اور بحری قزاق بھی اس بحری ٹینکر کے مالک سے رابطے میں ہیں۔ پاکستانیوں کا تحفظ اور فلاح و بہبود ہماری اولین ترجیح ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ ہم امریکا میں پاکستانیوں کے ویزا معاملات و قونصلر معاملات پر رابطے میں ہیں۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل