Thursday, April 30, 2026
 

ایف بی آر ہدف حاصل کرنے میں ناکام، ریونیو شارٹ فال 683 ارب تک پہنچ گیا

 



فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کا محصولات کا ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہا اور رواں مالی سال 26-2025 کے پہلے 10 ماہ (جولائی تا اپریل) کے دوران عبوری ریونیو شارٹ فال 683 ارب روپے تک پہنچ گیا۔ ذرائع کے مطابق مالی سال 26-2025 کے پہلے 10 ماہ کے دوران ایف بی آر کو محصولات کی وصولی میں خاطر خواہ کمی کا سامنا کرنا پڑا ہے اور عبوری اعداد و شمار کے تحت اس عرصے میں 10 ہزار 263 ارب روپے جمع کیے گئے۔ عبوری اعداد وشمار کے مطابق ایف بی آئی کی محصولات نظرثانی شدہ ہدف 10 ہزار 946 ارب روپے کے مقابلے میں 683 ارب روپے کم ہیں اور اپریل 2026 کے دوران بھی محصولات کی وصولی مقررہ ہدف سے کم رہی ہے۔ ماہانہ محصولات کے حوالے سے بتایا گیا کہ اپریل میں ایف بی آر نے 956 ارب روپے اکٹھے کیے جبکہ ماہانہ ہدف 1,029 ارب روپے مقرر تھا یوں اس ماہ 73 ارب روپے کی کمی ریکارڈ کی گئی۔ حکام کے مطابق اپریل کے محصولات انکم ٹیکس کی مد میں 446 ارب روپے، سیلز ٹیکس 320 ارب روپے، فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی (فیڈ) 65 ارب روپے جبکہ کسٹمز ڈیوٹی کی مد میں 125 ارب روپے جمع کیے گئے۔ واضح رہے کہ حکومت نے مالی سال 26-2025 کے لیے ایف بی آر کے ٹیکس ہدف میں پہلے ہی کمی کرتے ہوئے اسے 14 ہزار 307 ارب روپے سے کم کر کے  13 ہزار 979 ارب روپے کیا تھا، جس سے مجموعی طور پر 328 ارب روپے کی کمی کی گئی ہے۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل