Loading
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایران نے ایک طویل فاصلہ طے کر لیا ہے ، سوال یہ ہے کہ کیا وہ ہمارے مطالبات ماننے پر کافی حد تک آگے بڑھیں گے‘اس وقت تک کوئی معاہدہ نہیں ہوگا جب تک وہ اس بات پر اتفاق نہیں کرتے کہ ان کے پاس کوئی ایٹمی ہتھیار نہیں ہوں گے جب کہ تہران نے امریکی ناکہ بندی کے خلاف بے مثال فوجی کارروائی کی وارننگ دی ہے۔پینٹاگون کے ایک سینئر اہلکار نے بتایا ہے کہ امریکا ایران سے جنگ میں اب تک 25 ارب ڈالر خرچ کرچکا ہے۔
ایران کے سینئر رہنما اور پارلیمنٹ کے اسپیکر نے عالمی منڈی میں تیل کی بڑھتی ہوئی قیمتوں پر ردعمل دیتے ہوئے امریکی وزیر خزانہ کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔اپنے بیان میں انھوں نے کہا کہ امریکی وزیر خزانہ جیسے افراد کے غیر سنجیدہ اور فضول مشوروں نے تیل کی قیمت کو 120 ڈالر فی بیرل تک پہنچا دیا ہے، اور خدشہ ظاہر کیا کہ یہ قیمت مزید بڑھ کر 140 ڈالر تک جا سکتی ہے۔ ماہرین کے مطابق مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی اور امریکا-ایران تنازع تیل کی قیمتوں میں اضافے کی بڑی وجوہات ہیں۔ امریکی تھنک ٹینک کا کہنا ہے امریکاایران جنگ نے پاکستان کو عالمی سطح پر نئی پہچان دے دی۔ واشنگٹن اورتہران کے درمیان جاری تنازع کے تناظر میں اسلام آبادایک اہم امن ثالث کے طور پرابھر کر سامنے آیا ہے، جغرافیائی اہمیت، مشرق وسطیٰ ووسطی ایشیا سے روابط اور معدنی وسائل نے اسے دوبارہ عالمی طاقتوں کے لیے پرکشش بنا دیا۔
امریکا اور ایران کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کو اگر محض ایک حالیہ سیاسی یا عسکری تنازع سمجھا جائے تو یہ حقیقت سے بڑی حد تک انحراف ہوگا، کیونکہ اس بحران کی جڑیں تاریخ کی گہرائیوں میں پیوست ہیں اور اس کے اثرات مستقبل کی عالمی سیاست، معیشت اور سلامتی کے خدوخال تک پھیلے ہوئے ہیں۔ یہ تنازع صرف دو ریاستوں کے درمیان اختلافات کا مظہر نہیں بلکہ عالمی طاقتوں کے باہمی تصادم، توانائی کے وسائل پر کنٹرول کی جدوجہد اور عالمی نظام میں برتری کے حصول کی ایک پیچیدہ جنگ ہے۔
اس وقت دنیا جس نازک مرحلے سے گزر رہی ہے، اس میں اس تنازع کے اثرات نہ صرف ریاستی سطح پر بلکہ عام انسان کی روزمرہ زندگی میں بھی شدت سے محسوس کیے جا رہے ہیں۔ موجودہ صورتحال میں امریکی قیادت کا طرز عمل خاص طور پر توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے۔ ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ایران کے خلاف سخت بیانات، مطالبات اور سوشل میڈیا پر اشتعال انگیز انداز میں پیغامات اس بات کی نشاندہی کرتے ہیں کہ سفارتکاری کے بجائے طاقت کے اظہار کو ترجیح دی جا رہی ہے۔ ایک سپر پاور کے سربراہ کی جانب سے اس نوعیت کی علامتی جارحیت نہ صرف سفارتی روایات کے خلاف ہے بلکہ یہ عالمی سطح پر ایک خطرناک مثال بھی قائم کرتی ہے۔
یہ طرز عمل دیگر ممالک کے لیے بھی ایک پیغام رکھتا ہے کہ عالمی سیاست میں طاقت کا استعمال اب بھی ایک غالب عنصر ہے، جو امن کے امکانات کو کمزور کر سکتا ہے۔ایران کی جانب سے ردعمل بھی اسی قدر سخت اور واضح ہے۔ ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر نے امریکی اقدامات کو نفسیاتی جنگ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ امریکا معاشی دباؤ کے ذریعے ایران کے داخلی استحکام کو نقصان پہنچانا چاہتا ہے۔ ایران کی جانب سے یہ بھی واضح کیا گیا ہے کہ وہ کسی بھی قسم کی ناکہ بندی یا دباؤ کے سامنے جھکنے کے لیے تیار نہیں اور اگر اس کے مفادات کو نقصان پہنچایا گیا تو وہ بھرپور جواب دے گا۔ اس طرح کے بیانات اس بات کی نشاندہی کرتے ہیں کہ دونوں ممالک کے درمیان اعتماد کا فقدان اس حد تک بڑھ چکا ہے کہ معمولی سی پیش رفت بھی مشکل دکھائی دیتی ہے۔
اس تنازع کا سب سے فوری اور نمایاں اثر عالمی توانائی منڈی پر پڑا ہے۔ تیل کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافہ اس بات کا ثبوت ہے کہ مشرق وسطیٰ میں کشیدگی کس حد تک عالمی معیشت کو متاثر کر سکتی ہے۔ جب تیل کی قیمت 120 ڈالر فی بیرل سے تجاوز کر جاتی ہے اور مزید اضافے کے خدشات ظاہر کیے جاتے ہیں تو اس کا مطلب یہ ہے کہ دنیا ایک نئے معاشی دباؤ کی طرف بڑھ رہی ہے۔ توانائی کے وسائل پر انحصار کرنے والی معیشتیں، خصوصاً ترقی پذیر ممالک، اس صورتحال میں سب سے زیادہ متاثر ہوتی ہیں۔ ان ممالک کو نہ صرف زیادہ قیمت پر تیل خریدنا پڑتا ہے بلکہ ان کی کرنسی پر بھی دباؤ بڑھتا ہے، جس سے مہنگائی میں اضافہ ہوتا ہے۔
توانائی کی سیاست ہمیشہ سے عالمی طاقتوں کے مفادات کا مرکز رہی ہے۔ اوپیک جیسے ادارے، خلیجی ممالک کی پالیسیز اور بڑی طاقتوں کی مداخلت اس بات کی نشاندہی کرتی ہے کہ تیل صرف ایک معاشی وسیلہ نہیں بلکہ ایک سیاسی ہتھیار بھی ہے۔ جب کسی ملک کی تیل کی سپلائی متاثر ہوتی ہے یا اس پر پابندیاں عائد کی جاتی ہیں تو اس کا اثر صرف اس ملک تک محدود نہیں رہتا بلکہ پوری دنیا کی معیشت پر پڑتا ہے، یہی وجہ ہے کہ ایران پر عائد پابندیاں اور اس کے خلاف ممکنہ عسکری کارروائیاں عالمی سطح پر تشویش کا باعث بنی ہوئی ہیں۔ معاشی اثرات کی بات کی جائے تو مہنگائی اس بحران کا سب سے بڑا اور فوری نتیجہ ہے۔
جب ایندھن کی قیمتیں بڑھتی ہیں تو ٹرانسپورٹ کے اخراجات میں اضافہ ہوتا ہے، جس کے نتیجے میں اشیائے خورونوش مہنگی ہو جاتی ہیں۔ صنعتوں کی پیداواری لاگت بڑھتی ہے، جس سے مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ ہوتا ہے۔ اس طرح مہنگائی کا ایک ایسا سلسلہ شروع ہوتا ہے جو رکنے کا نام نہیں لیتا۔ عوام کی قوت خرید کم ہو جاتی ہے، متوسط طبقہ سکڑ جاتا ہے اور غربت میں اضافہ ہوتا ہے۔
یہ صورتحال نہ صرف معاشی بلکہ سماجی اور سیاسی مسائل کو بھی جنم دیتی ہے۔عوامی سطح پر اس بحران کے اثرات نہایت سنگین ہیں۔ عام آدمی کے لیے زندگی گزارنا مشکل ہوتا جا رہا ہے۔ خوراک، صحت، تعلیم اور دیگر بنیادی ضروریات تک رسائی محدود ہوتی جا رہی ہے۔ بے روزگاری میں اضافہ ہو رہا ہے اور معاشی عدم استحکام بڑھ رہا ہے۔ یہ تمام عوامل مل کر ایک ایسا ماحول پیدا کرتے ہیں جس میں سماجی بے چینی اور سیاسی عدم استحکام بڑھ سکتا ہے، اگر یہ صورتحال برقرار رہی تو اس کے اثرات طویل المدتی ہو سکتے ہیں اور کئی ممالک کی معیشتیں شدید بحران کا شکار ہو سکتی ہیں۔
امریکا کے اپنے اخراجات بھی اس تنازع کی سنگینی کو ظاہر کرتے ہیں۔ پینٹاگون کے مطابق اب تک اربوں ڈالر اس تنازع پر خرچ کیے جا چکے ہیں، جن میں سے ایک بڑی رقم اسلحہ سازی پر صرف ہوئی ہے۔ یہ اخراجات نہ صرف امریکی معیشت پر دباؤ ڈالتے ہیں بلکہ یہ سوال بھی پیدا کرتے ہیں کہ کیا یہ وسائل بہتر مقاصد کے لیے استعمال نہیں کیے جا سکتے تھے۔ جنگی معیشت وقتی فوائد تو فراہم کر سکتی ہے، لیکن طویل مدت میں یہ معیشت کو کمزور کرتی ہے اور عوامی فلاح و بہبود کو متاثر کرتی ہے۔عالمی طاقتوں کا کردار اس تنازع میں نہایت اہم ہے۔ چین، روس اور یورپی ممالک اس صورتحال کو اپنے اپنے مفادات کے مطابق دیکھ رہے ہیں۔
کچھ ممالک امریکا کی حمایت کر رہے ہیں جب کہ کچھ ایران کے ساتھ کھڑے ہیں۔ یہ عالمی صف بندی اس بات کی نشاندہی کرتی ہے کہ یہ تنازع ایک وسیع تر جیوپولیٹیکل کھیل کا حصہ ہے۔ ہر طاقت اپنے مفادات کے تحفظ کے لیے سرگرم ہے، اور یہی وجہ ہے کہ اس تنازع کا حل پیچیدہ ہوتا جا رہا ہے۔ اس تمام صورتحال میں پاکستان کا کردار ایک مثبت پیش رفت کے طور پر سامنے آیا ہے۔ وزیر اعظم شہبازشریف کی قیادت میں پاکستان نے امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات میں سہولت کاری کا کردار ادا کیا ہے، جس سے نہ صرف کشیدگی میں کمی آئی بلکہ پاکستان کو ایک اہم سفارتی حیثیت بھی حاصل ہوئی ہے۔ یہ ایک اہم موقع ہے کہ پاکستان اپنی جغرافیائی اور سفارتی اہمیت کو بروئے کار لاتے ہوئے خطے میں امن کے قیام میں اپنا کردار ادا کرے۔تاہم پاکستان کے لیے یہ صورتحال چیلنجز سے خالی نہیں ہے۔
تیل کی بڑھتی ہوئی قیمتیں، درآمدی بل میں اضافہ، اور مہنگائی کا دباؤ ملکی معیشت کو متاثر کر رہا ہے۔ حکومت کو ایک طرف سفارتی محاذ پر سرگرم رہنا ہے تو دوسری جانب داخلی معاشی استحکام کو بھی یقینی بنانا ہے۔ یہ ایک مشکل توازن ہے جس کے لیے دانشمندانہ پالیسیوں کی ضرورت ہے۔ عالمی برادری کے لیے یہ وقت ہے کہ وہ اس بحران کو سنجیدگی سے لے اور فوری اقدامات کرے۔ اقوام متحدہ اور دیگر بین الاقوامی اداروں کو چاہیے کہ وہ اس تنازع کے حل کے لیے فعال کردار ادا کریں۔ طاقت کے استعمال کے بجائے مذاکرات، سفارتکاری اور باہمی احترام پر مبنی حکمت عملی اپنانا ہی واحد راستہ ہے جو دنیا کو ایک بڑے سانحے سے بچا سکتا ہے۔
آخرکار یہ کہنا درست ہوگا کہ امریکا اور ایران کا تنازع ایک ایسا عالمی چیلنج بن چکا ہے جس کے اثرات ہر فرد، ہر معاشرے اور ہر ریاست پر پڑ رہے ہیں، اگر اس بحران کو بروقت اور دانشمندانہ طریقے سے حل نہ کیا گیا تو یہ نہ صرف عالمی معیشت کو تباہ کر سکتا ہے بلکہ عالمی امن کو بھی شدید خطرے میں ڈال سکتا ہے۔ دنیا کو اس وقت جذباتی فیصلوں کے بجائے سنجیدہ، متوازن اور دور اندیش قیادت کی ضرورت ہے جو طاقت کے بجائے عقل و دانش کو ترجیح دے اور انسانیت کے وسیع تر مفاد میں فیصلے کرے۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل