Monday, April 20, 2026
 

واہگہ بارڈر پر نعرے لگاکر شہریوں کا جوش و جذبہ بڑھانے والے محمد شفیق انتقال کرگئے

 



واہگہ بارڈر پر ہر شام پریڈ کے دوران نعرے لگا کر شہریوں کا جوش و جذبہ بڑھانے والے محمد شفیق انتقال کرگئے۔ ذرائع کے مطابق محمد شفیق طویل عرصے سے جگر اور گردوں کے عارضے میں مبتلا تھے اور گزشتہ چند روز سے ایک نجی اسپتال کے آئی سی یو میں زیر علاج تھے، ان کی حالت کچھ عرصہ سے تشویشناک تھی۔ محمد شفیق 2002 سے باقاعدگی کے ساتھ واہگہ بارڈر پریڈ میں شریک ہوتے تھے۔ وہ نہ صرف بلند آواز میں نعرے لگا کر حاضرین کا جوش بڑھاتے بلکہ اپنی منفرد انداز اور ولولہ انگیز موجودگی سے ماحول کو گرما دیتے تھے جس کے باعث وہ پریڈ کا ایک پہچانا جانے والا چہرہ بن چکے تھے۔ وہ واہگہ بارڈر کے قریب ’جلو موڑ‘ کے علاقے میں ایک بیکری میں ملازمت کرتے تھے اور روزانہ کام کے بعد پریڈ میں شرکت کو اپنی معمول کی زندگی کا حصہ بنائے ہوئے تھے۔ محمد شفیق کی میت آج صبح ان کے آبائی گاؤں جلالپور جٹاں، ضلع گجرات روانہ کر دی گئی، جہاں ان کی تدفین کی جائے گی۔ ان کے انتقال پر علاقے میں افسوس کی فضا ہے جبکہ واہگہ بارڈر آنے والے شہریوں کی بڑی تعداد بھی انہیں یاد کر رہی ہے۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل