Friday, May 01, 2026
 

پنجاب میں بیواؤں اور یتیموں کی کفالت کیلیے مالی امداد فراہم کرنے کے پروگرام کا آغاز

 



پنجاب کی تاریخ میں پہلی بار ”وزیراعلیٰ پنجاب رحمت کارڈ“ کے پروگرام کا آغاز کردیا گیا جس کے تحت 50 ہزار بیواؤں اور یتیم بچوں کو مالی امداد فراہم کی جائے گی، تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے پاکستان کے پہلے رحمت کارڈ پروگرام کا ڈیجیٹل افتتاح کر دیا جبکہ معاون خصوصی راشد اقبال نصراللہ نے رحمت کارڈ پراجیکٹ پر تفصیلی بریفنگ دی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ وزیراعلیٰ پنجاب رحمت کارڈ کے لئے صوبائی زکوٰۃ فنڈ سے 5000 ملین روپے کی ریکارڈ رقم مختص کی گئی ہے جو رحمت کارڈ کے ذریعے 50 ہزار بیواؤں اور یتیم بچوں میں فی کس ایک لاکھ روپے کے حساب سے فراہم کی جائے گی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ رحمت کارڈ کے تحت شرعی طور پر زکوۃ کے مستحق مسلم بیوائیں اور یتیم بچے اہل ہوں گے، سرکاری ملازم یا پنشنر اور صاحب نصاب رحمت کارڈ کے ذریعے امداد کے حقدار نہیں ہوں گے۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ وزیراعلیٰ پنجاب رحمت کارڈ کے لئے موبائل ایپ کے ذریعے بھی اپلائی کیا جاسکتا ہے اس کے علاوہ ویب پورٹل (https//:rahmatcard.punjab.gov.pk) پر اپلائی کیا جاسکتا ہے۔ بریفنگ میں یہ بھی بتایا گیا کہ شہریوں کی رہنمائی اور مدد کیلیے ہیلپ لائن 1077 بنائی گئی ہے جس پر رابطہ کر کے معلومات لی جاسکتی ہے، مستحقین کا انتخاب پنجاب سماجی و اقتصادی رجسٹری (PSER) کے ڈیٹا بیس کے ذریعے کیا جائے گا۔ پنجاب سوشیو اکنامک رجسٹری (PSER) ڈیٹا بیس کے تحت ضلعی کوٹے کی بنیاد پر مستفید ہونے والوں کا حتمی انتخاب ہوگا۔  بریفنگ میں بتایا گیا کہ PSER میں رجسٹریشن نہ ہونے کی صورت میں درخواست دہندہ کے ڈیٹا کی نادارا سے تصدیق کی جائے گی جبکہ مالی امداد کی جاز کیش والٹ اکاؤنٹ کے ذریعے ادائیگی کی جائے گی۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف کی ہدایت پر جاز والٹ اکاؤنٹ سروس چارجز حکومت ادا کرے گی۔   وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے رحمت کارڈ پروگرام کو شفاف، منصفانہ اور میرٹ کی بنیاد پر زکوٰۃ فنڈز کے استعمال کو یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ پروگرام کا مقصد مستحقین کے سماجی وقار اور معاشی خودمختاری کو یقینی بنانا ہے۔ مریم نواز شریف نے کہا کہ رحمت کارڈ پراجیکٹ قائد محمد نواز شریف کی رہنمائی میں شروع کیا گیا، سلسلہ آگے بڑھائیں گے، خواہش ہے پنجاب میں کوئی بیوہ اور یتیم بچہ خود کو بے سہارااور بے بس محسوس نہ کرے۔ روایتی سیاست کی بجائے عوام کی خدمت پر یقین رکھتے ہیں۔ 

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل