Loading
کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی(ای سی سی) نے وزیراعظم گھر پروگرام میں توسیع اور کے-الیکٹرک سمیت ملک بھر کی تمام ڈسکوز کے لیے یکساں سسٹم چارجز لاگو کرنے سمیت متعدد منصوبوں کی منظوری دے دی ہے۔
وفاقی وزرات خزانہ کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس وفاقی وزیرخزانہ محمد اورنگزیب کی زیر صدارت منعقد ہوا، جس میں متعدد منصوبوں کے حوالے سے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اعلامیے میں کہا گیا کہ نظرثانی شدہ فریم ورک میں اوورسیز پاکستانیوں اور نجی شعبے کو بھی شامل کرنے کا فیصلہ ہوا ہے، نیشنل اسٹیل کمپلیکس لمیٹڈ کی بحالی کے لیے گیس کی فراہمی کی منظوری دے دی گئی ہے جس کےآپریشنز کی بحالی کے لیے گیس کی فراہمی ٹیرف اور دستیابی سے مشروط ہوگی۔
بیان میں کہا گیا کہ پاکستان ایکسلیریٹڈ وہیکل الیکٹریفکیشن پروگرام کے دوسرے مرحلے کے آغاز کی منظوری دی گئی اور نئی ای وی پالیسی کے تحت الیکٹرک گاڑیوں کی کارکردگی اور رسائی بہتر بنائی جائے گی۔
اسی طرح ملک بھر کی تمام ڈسکوز بشمول کے-الیکٹرک کے لیے یکساں سسٹم چارجز لاگو کرنے کی منظوری دی گئی۔
وفاقی وزارت خزانہ نے بتایا کہ ڈائریکٹوریٹ جنرل امیگریشن اینڈ پاسپورٹ کے لیے 2.5 ارب کی تکنیکی سپلیمنٹری گرانٹ کی بھی منظوری دے دی ہے، پاسپورٹ حکام کو فنڈز تنخواہوں، پیداواری سامان اور واجبات کی ادائیگی کے لیے جاری ہوں گے۔
کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں اسلام آباد میں دانش اسکول کے آپریشنل اخراجات کے لیے 35 کروڑ روپے منظور ہوئے، نارووال میں فیض احمد فیض کمپلیکس کی تعمیر کے لیے 10 کروڑ روپے اور جشن آزادی اور معرکہ حق کی تقریبات کے اخراجات کے لیے 5 کروڑ 96 لاکھ روپے کی منظوری بھی دی گئی۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل