Loading
لیفٹیننٹ کرنل خالد حسین شہید کی نماز جنازہ چکلالہ گیریژن میں ادا کردی گئی جس میں وزیراعظم، فیلڈ مارشل سمیت اعلیٰ قیادت نے شرکت کی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق لیفٹیننٹ کرنل خالد حسین شہید کی نماز جنازہ چکلالہ گیریژن راولپنڈی میں ادا کی گئی۔
وہ گزشتہ روز بلوچستان میں بھارتی سرپرستی میں دہشتگردوں کے خلاف انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کے دوران اپنے جوانوں کی قیادت کرتے ہوئے زخمی ہوئے اور بعد ازاں جامِ شہادت نوش کرگئے۔
نماز جنازہ میں وزیراعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف، چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، وفاقی وزراء داخلہ و اطلاعات، وزیرداخلہ محسن نقوی، اعلیٰ سول و عسکری حکام، ریٹائرڈ افسران، شہید کے اہلخانہ اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
اس موقع پر وزیراعظم نے لیفٹیننٹ کرنل خالد حسین شہید کی بے مثال بہادری، فرض شناسی اور مادرِ وطن کے دفاع کے لیے ان کی خدمات کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج قوم کی مکمل حمایت کے ساتھ بھارتی سرپرستی میں ہونے والی دہشتگردی اور اس کے سہولت کاروں کے مکمل خاتمے کے لیے پُرعزم ہیں۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ شہداء کی عظیم قربانیاں قوم کے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں اور پاکستان کے امن، استحکام اور خودمختاری کے تحفظ کے لیے ہمارے غیر متزلزل عزم کی عکاسی کرتی ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق لیفٹیننٹ کرنل خالد حسین شہید کو ان کے آبائی علاقے میں مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ سپردِ خاک کیا جائے گا۔ پاک افواج اور پوری قوم کی جانب سے شہید کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا اور سوگوار خاندان سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا گیا۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل