Loading
وزیراعظم شہباز شریف سے آج قطر کے وزیراعظم اور وزیر خارجہ شیخ محمد بن عبدالرحمن آل ثانی نے ٹیلی فون پر رابطہ کیا جس کے دوران دونوں رہنماؤں نے خطے کی بدلتی ہوئی صورتحال اور جاری امن کوششوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔
وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری اعلامیے کے مطابق گفتگو میں علاقائی امن و استحکام کے لیے ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان اور قطر کے درمیان برادرانہ تعلقات کی مضبوطی کا اعادہ کرتے ہوئے امن کے قیام کے لیے قطر کی مسلسل اور ثابت قدم حمایت کو سراہا۔
دونوں رہنماؤں نے اس امر پر زور دیا کہ خطے میں امن کی کوششوں کی کامیابی کے لیے تمام فریقین کے درمیان تعمیری روابط نہایت اہم ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد الثانی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ امیر قطر کے آئندہ دورۂ پاکستان کے منتظر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس دورے سے پاکستان اور قطر کے درمیان پائیدار شراکت داری کو مزید وسعت اور استحکام حاصل ہوگا۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل