Sunday, May 10, 2026
 

فیصل آباد، لیگی رہنما کے ڈیرے پر اندھا دھند فائرنگ، 4 افراد ہلاک، رکن قومی اسمبلی سمیت 3 افراد زخمی

 



تھانہ رجانہ کے علاقہ 184 گ ب میں مسلم لیگ (ن) کے رکنِ صوبائی اسمبلی کرنل(ر) سردار ایوب خان گادھی کے ڈیرے پر مسلح افراد نے دھاوا بول کر اندھا دھند فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں 4 افراد موقع پر جاں بحق جبکہ ایم پی اے سمیت 3 افراد شدید زخمی ہوگئے۔ ذرائع کے مطابق حملہ آوروں نے ڈیرے کو گھیر کر اچانک فائرنگ شروع کردی، فائرنگ سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا اور ہر طرف چیخ و پکار مچ گئی۔ جاں بحق ہونے والوں میں ضیغم عباس، ندیم، حقنواز اور خالق داد شامل ہیں۔ واقعے میں رکن صوبائی اسمبلی کرنل(ر) سردار ایوب گادھی، شہباز اور ریاض شدید زخمی ہوئے جنہیں تشویشناک حالت میں ڈی ایچ کیو ہسپتال ٹوبہ ٹیک سنگھ منتقل کردیا گیا۔ اطلاع ملتے ہی آر پی او سہیل اختر سکھیرا اور ڈی پی او ٹوبہ بھاری پولیس نفری کے ہمراہ موقع پر پہنچ گئے جبکہ پنجاب فرانزک سائنس ٹیموں نے شواہد اکٹھے کرنا شروع کردیئے ہیں۔ پولیس حکام کے مطابق حملہ دشمنی کا شاخسانہ معلوم ہوتا ہے تاہم تمام پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں۔ ملزمان کی گرفتاری کیلئے خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں اور مختلف علاقوں میں چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ آر پی او سہیل اختر سکھیرا نے ڈی ایچ کیو ہسپتال پہنچ کر زخمیوں کی عیادت کی اور کہا کہ ملزمان کو ہر صورت قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا اور لواحقین کو انصاف کی فراہمی یقینی بنائیں گے۔ واقعے کے بعد علاقے میں شدید کشیدگی پائی جاتی ہے جبکہ ڈیرے اور اطراف میں سکیورٹی سخت کردی گئی ہے۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل