Tuesday, May 12, 2026
 

رواں مالی سال کے پہلے 9 ماہ میں بجٹ خسارہ 856 ارب روپے ریکارڈ

 



رواں مالی سال 27-2026کے پہلے 9 ماہ میں بجٹ خسارہ 856 ارب روپے ریکارڈ کیا گیا ہے جو مجموعی قومی پیداوارکے تناسب سے0.7 فیصد ہے اور مجموعی اخراجات میں سالانہ بنیاد پر 4 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ وزارت خزانہ کی جانب سے جاری فسکل آپریشن رپورٹ کے مطابق رواں مالی سال کے پہلے 9 ماہ کے دوران مجموعی اخراجات میں سالانہ بنیاد پر4 فیصد کمی ریکارڈکی گئی ہے، جاری مالی سال کے ابتدائی 9 ماہ میں بجٹ خسارہ 856 ارب روپے ریکارڈ کیا گیا جو مجموعی قومی پیداوارکے تناسب سے 0.7 فیصد بنتا ہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں جی ڈی پی کے تناسب سے بجٹ خسارہ کی شرح 2.6 فیصد تھی۔ وزارت خزانہ کے مطابق پرائمری بیلنس 4092 ارب روپے فاضل رہا جو گزشتہ سال کی اسی مدت میں 3469 ارب روپے تھا اور مالی سال کے پہلے 9 ماہ میں سود کی ادائیگی کا حجم 4948 ارب روپے ریکارڈ کیا گیا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 23 فیصدکم ہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ رواں مالی سال کے پہلے 9 ماہ میں مجموعی محصولات کا حجم 14.79 ٹریلین روپے رہا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے 13.36 ٹریلین روپے کے مقابلے میں 11 فیصد زیادہ ہے۔ اسی طرح مالی سال کے اس مدت میں فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے ٹیکس محصولات کا حجم 9.306 ٹریلین روپے رہا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے 8.453 ٹریلین روپے کے مقابلے میں 10 فیصد زیادہ ہے۔ رپورٹ کے مطابق مالی سال کے پہلے 10 ماہ میں نان ٹیکس محصولات کا حجم 4.633 ٹریلین روپے ریکارڈ کیا گیا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے 4.230 ٹریلین روپے کے مقابلے میں 10 فیصد زیادہ ہے۔ وزارت خزانہ نے بتایا کہ مجموعی اخراجات کا حجم 15.656 ٹریلین روپے ریکارڈ کیا گیا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے 16.337ٹریلین روپے کے مقابلے میں 4 فیصد کم ہے، جی ڈی پی کے لحاظ سے مجموعی محصولات کی شرح 11.4فیصد جبکہ ٹیکس محصولات کی شرح 7.8 فیصد ریکارڈ کی گئی ہے اور جی ڈی پی کے تناسب سے نان ٹیکس محصولات کی شرح 3.6 فیصد جبکہ اخراجات کاتناسب 12.1فیصد رہا ہے۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل