Loading
نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے آسٹریا کی وزیر خارجہ بیتے مائنل ریزنگر اور چین کے وزیر خارجہ وانگ یی سے علیحدہ علیحدہ ٹیلیفونک رابطے کیے جن میں خطے کی صورت حال، ایران اور امریکا کے درمیان مذاکرات اور امن و استحکام کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق آسٹریا کی وزیر خارجہ نے ایران اور امریکا کےدرمیان ثالثی کردار ادا کرنے اور خطے میں امن و استحکام کے لیے پاکستان کی مثبت سفارتی کوششوں کو سراہا، اس موقع پر نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے خطے اور دنیا میں امن و استحکام کے قیام کے لیے ایران-امریکا مذاکرات میں سہولت کاری اور سفارتی کوششیں جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
بیان میں کہا گیا کہ دونوں رہنماؤں نے آئندہ بھی قریبی رابطے برقرار رکھنے پر اتفاق کیا۔
نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور چینی وزیر خارجہ وانگ یی کے درمیان ہونے والے ٹیلیفونک رابطے میں حالیہ علاقائی پیش رفت، خطے میں امن و استحکام اور ایران۔امریکا مذاکرات کے فروغ میں پاکستان کی جاری کوششوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ترجمان کے مطابق چینی وزیر خارجہ وانگ یی نے پاکستان کے تعمیری ثالثی کردار کی تعریف کرتے ہوئے اس کی حمایت کا اعادہ کیا، دونوں رہنماؤں نے پائیدار جنگ بندی برقرار رکھنے اور آبنائے ہرمز کے ذریعے معمول کی بحری آمدورفت یقینی بنانے کی اہمیت پر زور دیا۔
بیان میں کہا گیا کہ گفتگو کے دوران پاکستان اور چین کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کی 75ویں سالگرہ کے حوالے سے سرگرمیوں، اعلیٰ سطح کے تبادلوں اور دوطرفہ و کثیر الجہتی تعاون کے فروغ پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
دونوں فریقین نے باہمی دلچسپی کے تمام امور پر قریبی رابطے برقرار رکھنے پر اتفاق کیا۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل