Loading
پنجاب حکومت نے صوبے کے تعلیمی نصاب میں معرکہ حق کو شامل کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری کی زیرِ صدارت انفارمیشن اسٹیئرنگ کمیٹی کا اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں سیکرٹری انفارمیشن طاہر رضا ہمدانی سمیت دیگر اہم نمائیندگان نے شرکت کی۔
انفارمیشن اسٹیئرنگ کمیٹی میں فیصلہ کیا گیا کہ تعلیمی نصاب میں حب الوطنی اور معرکہ حق کے مضامین کو شامل کیا جائے گا۔ اجلاس میں یہ بات بھی سامنے آئی کہ نجی تعلیمی اداروں میں معرکہ حق کے ایسے پروگرام نہیں ہوئے جیسے سرکاری اداروں میں ہوئے، نجی اسکولوں میں بھی ایسے پروگرام کے نفاذ کی ہدایت جاری کردی گئی۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ فلم فنڈ کے تحت "معرکہ حق" اور قومی یکجہتی پر مبنی فلمیں بنائی جائیں گی، جبکہ الحمرا آرٹس کونسل کے تحت شہید لیاقت پر ڈرامہ بھی بنایا جائے گا۔ اجلاس میں قومی یکجہتی کے فروغ کے لیے عوامی آگاہی مہم شروع کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس کے شرکاء نے ڈی جی آئی ایس پی آر سے تعلیمی اداروں کے دورے جاری رکھنے کی استدعا بھی کی۔
اجلاس میں متعلقہ حکام کو محرم الحرام کے پیش نظر نفرت انگیز مواد کے خلاف کارروائیاں تیز کرنے کی ہدایت کی گئی، وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے کہا کہ انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ اور ہوم ڈیپارٹمنٹ ملکر خصوصی سیل بنائیں گے، سوشل میڈیا پر نفرت انگیز مواد پھیلانے والوں کی فوری نشاندہی کی جائے گی، خصوصی سیل عوام تک بروقت اور درست معلومات پہنچائے گا۔
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ محرم الحرام میں کسی اشتعال انگیزی اور نفرت انگیزی پھیلانے کی ہرگز اجازت نہیں ہوگی، ایسے عناصر کے خلاف فوری کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل