Wednesday, May 13, 2026
 

تہران میں رات بھر زلزلے کے 9 جھٹکے، شہری خوفزدہ، امدادی ادارے ہائی الرٹ

 



ایران کے دارالحکومت تہران اور صوبہ مازندران سے ملحقہ علاقوں میں ایک ہی رات کے دوران زلزلے کے متعدد جھٹکے محسوس کیے گئے، جس کے بعد شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ ایرانی میڈیا کے مطابق رات بھر آنے والے 9 زلزلوں میں سب سے شدید جھٹکے کی شدت 4.6 ریکارڈ کی گئی۔ رپورٹس کے مطابق زلزلے کے جھٹکے محسوس ہوتے ہی لوگ گھروں اور عمارتوں سے باہر نکل آئے جبکہ مختلف علاقوں میں خوف کے باعث سڑکوں پر رش دیکھنے میں آیا۔ ایرانی زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی گہرائی تقریباً 10 کلومیٹر ریکارڈ کی گئی، جبکہ بعض مقامی میڈیا رپورٹس میں اس کی گہرائی 8 کلومیٹر بتائی گئی ہے۔ ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ ابتدائی طور پر کسی جانی نقصان یا بڑے مالی خسارے کی اطلاع موصول نہیں ہوئی، تاہم امدادی اداروں کو ہائی الرٹ کردیا گیا ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے فوری طور پر نمٹا جا سکے۔ ماہرین کے مطابق یہ زلزلے تہران کے قریب واقع “موشا فالٹ” کے علاقے میں محسوس کیے گئے، جسے ایران کے خطرناک اور متحرک زلزلہ زونز میں شمار کیا جاتا ہے۔ ماہر زلزلہیات مہدی زارع نے خبردار کیا ہے کہ ایک ہی رات میں بار بار زلزلے کے جھٹکوں کا آنا غیر معمولی صورتحال ہے اور اس کے ممکنہ خطرات کو نظرانداز نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ ابھی یہ واضح نہیں کہ یہ جھٹکے زمین کے اندر جمع توانائی کے اخراج کا نتیجہ ہیں یا کسی بڑے زلزلے کی ابتدائی وارننگ۔ ان کے مطابق تہران کو صرف فالٹ لائنز سے نہیں بلکہ گنجان آبادی، کمزور انفرااسٹرکچر، ٹریفک اور محدود ہنگامی تیاریوں سے بھی شدید خطرات لاحق ہیں۔ واضح رہے کہ ایک کروڑ 40 لاکھ سے زائد آبادی والا تہران شمالی تہران، موشا اور رے فالٹ لائنز کے قریب واقع ہے۔ ایرانی ماہرین ماضی میں متعدد بار خبردار کر چکے ہیں کہ اگر دارالحکومت کے قریب بڑا زلزلہ آیا تو اس کے اثرات انتہائی تباہ کن ہوسکتے ہیں۔ یاد رہے کہ ایران دنیا کے ان ممالک میں شامل ہے جہاں زلزلوں کا خطرہ بہت زیادہ رہتا ہے۔ 2003 میں ایران کے شہر بم میں آنے والے تباہ کن زلزلے میں 30 ہزار سے زائد افراد ہلاک ہوگئے تھے۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل