Thursday, May 14, 2026
 

حکومت کے اخراجات میں کتنا اضافہ ہوا ہے؟ میڈیا رپورٹس پر وزارت خزانہ کی وضاحت

 



وفاقی وزارت خزانہ نے سول حکومت کے اخراجات سے متعلق میڈیا رپورٹس پر وضاحت جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومتی اخراجات میں مجموعی طور پر 12.5 فیصد اضافہ رہا ہے۔ وفاقی وزارت خزانہ نے کہا ہے کہ سول حکومت کے اخراجات سے متعلق بعض رپورٹس حقائق کے مکمل تناظر کے بغیر پیش کی گئیں تاہم مالی سال 26-2025 کے پہلے 9 ماہ میں سول حکومت کے اخراجات مجموعی بطور پر 12.5 فیصد اضافے کے ساتھ 629 ارب روپے ریکارڈ کیے گئے جبکہ مالی سال 25-2024 کے پہلے 9 ماہ میں سول حکومت کے اخراجات 559 ارب روپے رہے تھے۔ اعلامیے میں کہا گیا کہ ملازمین سے متعلق اخراجات میں تقریباً 10 فیصد اضافہ ہوا، یہ اضافہ وفاقی بجٹ میں تنخواہوں اور الاؤنسز میں اضافہ کے باعث ہوا، اس کے برعکس غیر ملازمتی اخراجات میں 31 ارب روپے اضافہ رپورٹ ہوا۔ مزید بتایا گیا کہ غیر ملازمتی اخراجات میں اضافے کا بڑا حصہ ای پی آئی پروگرام کے لیے مختص فنڈز ہیں اور ای پی آئی پروگرام کے لیے رواں مالی سال میں 29 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں اور ای پی آئی اخراجات نکالنے کے بعد غیر ملازمتی اخراجات میں اصل اضافہ صرف 2 ارب روپے بنتا ہے۔ واضح رہے کہ ای پی آئی پروگرام بچوں کو خطرناک بیماریوں سے بچانے کا اہم قومی منصوبہ ہے۔ وزارت خزانہ نے وضاحت کرتے ہوئے بتایا کہ اخراجات کے اعداد و شمار کو مکمل تناظر کے بغیر پیش کرنا درست تصویر نہیں دکھاتا، عوامی صحت اور فلاحی اخراجات کو نظر انداز کر کے گمراہ کن تاثر پیدا کیا گیا۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل