Loading
شہر قائد کے مختلف علاقوں میں فائرنگ کے مختلف واقعات میں راہگیر سمیت 2 افراد جاں بحق جبکہ 4 افراد زخمی ہوگئے جبکہ کورنگی صنعتی ایریا پولیس نے 2 افراد کو حراست میں لے لیا ۔
تفصیلات کے مطابق کورنگی صنعتی ایریا کے علاقے کورنگی کراسنگ کے ڈی اے سوسائٹی سیکٹر31 بی کے قریب فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق جبکہ دوسرا زخمی ہوگیا۔
مقتول کی لاش اور زخمی شخص کو جناح اسپتال لیجایا گیا جہاں مقتول کی شناخت 50 سالہ افضال احمد کے نام سے کی گئی جبکہ 50 سالہ ارشد کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
ایس ایچ او ناصر محمود نے بتایا کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق واقعہ جھگڑے کے دوران پیش آیا ، 11 مئی کو محلے کے بچوں میں جھگڑا ہوا تھا جہاں پولیس نے دونوں فریقین کو میڈیکل لیٹر دیکر اسپتال روانہ کر دیا تھا تاہم 12 مئی کو دونوں فریقین کے درمیان صلح ہوگئی تھی۔
جمعرات کی شب ایک فریق نے ارشد نامی شخص کے گھر پر دھاوا بول دیا اور ان کے درمیان ایک بار پھر جھگڑا شروع ہوا اس دوران ملزمان کی جانب سے کی جانے والی فائرنگ سے ارشد زخمی جبکہ وہاں سے گزرنے والا راہگیر افضال فائرنگ کی زد میں آکر جاں بحق ہوگیا۔
تاہم پولیس نے موقع پر پہنچ کر 2 افراد کو حراست میں لیکر تھانے منتقل کر دیا اور اس حوالے سے مزید تفتیش کا عمل جاری ہے۔
دوسری جانب گلشن معمار کے علاقے پیر بخش گوٹھ میں فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔
جس کی لاش عباسی شہید اسپتال لیجائی گئی جہاں مقتول کی شناخت 30 سالہ فیصل احمد کے نام سے کی گئی۔
گلشن معمار پولیس کے مطابق ابتدائی معلومات کے مطابق واقعہ ذاتی جھگڑے کے دوران پیش آیا ہے جس کی مزید تحقیقات کی جا رہی ہے۔
نارتھ کراچی بابا موڑ سی این جی پمپ کے قریب فائرنگ سے 2 افراد زخمی ہوگئے جنھیں فوری طبی امداد کے لیے عباسی شہید اسپتال لیجایا گیا جہاں ان کی شناخت 40 سالہ فیصل اور 55 سالہ اسلم کے نام سے کی گئی۔
ترجمان ڈسٹرکٹ سینٹرل پولیس کے مطابق ابتدائی معلومات کے مطابق واقعہ ذاتی رنجش کا شاخسانہ معلوم ہوا ہے۔
زخمی افراد کے مابین لڑائی جھگڑے کا مقدمہ منگھوپیر تھانے میں بھی درج ہے جبکہ اطلاعات کے مطابق 2 پیدل ملزمان نے آکر فائرنگ کی اور موقع سے فرار ہوگئے۔
تاہم خواجہ اجمیر نگری پولیس واقعہ کے مختلف پہلوؤں پر تحقیقات کر رہی ہے ، لانڈھی حسینی چورنگی مولا مدد قبرستان کے قریب فائرنگ 25 سالہ غنی حسین زخمی ہوگیا جسے فوری طبی امداد کے لیے جناح اسپتال لیجایا گیا۔
پولیس کے مطابق فوری طور پر فائرنگ کی وجہ کا تعین نہیں ہوسکا اور اس کے حوالے سے مزید معلومات حاصل کی جا رہی ہے ۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل