Loading
پاکستان ٹرک اینڈ بس ریڈئیل (ٹی بی آر) ٹائرز کی برآمدات میں امریکا اور برازیل سمیت عالمی مارکیٹ میں سرفہرست 10 ممالک میں شامل ہوگیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق وزارت تجارت کے ذرائع نے بتایا کہ پاکستان نے رواں برس ٹائر کی برآمد میں اہم مقام حاصل کرلیا ہے جہاں امریکا اور برازیل سب سے بڑے درآمدکنندگان کے طور پر سامنے آگئے ہیں۔
پاکستانی کمپنی سروس نے 2022 میں آپریشنز کے آغاز کے بعد عالمی سطح پر اپنی موجودگی کو وسعت دی ہے اور امریکا، برازیل، جنوبی افریقا اور مصر سمیت مختلف عالمی منڈیوں میں برآمدات میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا ہے اور اس وقت ٹرک اور بس ریڈئیل ٹائرز کی مجموعی پیداوار کا تقریباً 40 فیصد برآمد کر رہی ہے اور مقامی مارکیٹ میں تقریباً 58 فیصد حصہ ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ ملک میں ٹرک اور بس ٹائرز کی سالانہ طلب تقریباً 17 لاکھ یونٹس جبکہ مسافر گاڑیوں کے ٹائرز کی طلب تقریباً 70 لاکھ یونٹس تک پہنچ چکی ہے، ماضی میں اس طلب کا بڑا حصہ درآمدات کے ذریعے پورا کیا جاتا تھا تاہم اب مقامی مینوفیکچرنگ تیزی سے درآمدی ٹائرز کی جگہ لے رہی ہے۔
انڈسٹری ماہرین کے مطابق بڑھتی ہوئی برآمدات، پیداواری توسیع اور درآمدی متبادل کی حکمت عملی پاکستان کے ٹائر سیکٹر کو بتدریج زرمبادلہ کمانے والے ایک اہم صنعتی شعبے میں تبدیل کر رہی ہے۔
ماہرین نے بتایا کہ مسافر گاڑیوں کے ٹائرز کی مقامی پیداوار میں متوقع توسیع اور کمرشل ٹائرز کی برآمدات میں مسلسل اضافے کے ساتھ پاکستان کی ٹائر انڈسٹری عالمی مارکیٹس میں مزید مضبوط مقام حاصل کر سکتی ہے، جو برآمدات پر مبنی صنعتی ترقی کی جانب ایک اہم پیش رفت ہوگی۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل