Loading
امریکی محکمہ خارجہ نے اعلان کیا ہے کہ اسرائیل اور لبنان کے درمیان واشنگٹن میں ہونے والے دو روزہ مذاکرات جنگ بندی میں مزید 45 دن کی توسیع پر اتفاق کرلیا گیا۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان ٹامی پگوٹ نے بتایا کہ مذاکرات انتہائی مثبت اور نتیجہ خیز رہے۔ فریقین جنگ بندی برقرار رکھنے پر آمادہ ہوگئے۔
انھوں نے مزید بتایا کہ اسرائیل اور لبنان کے درمیان سیاسی مذاکرات کا اگلا مرحلہ 2 اور 3 جون کو ہوگا جبکہ 29 مئی کو پینٹاگون میں دونوں ممالک کے فوجی وفود کے درمیان سکیورٹی مذاکرات شروع کیے جائیں گے۔
یاد رہے کہ اسرائیل اور لبنان کے درمیان جنگ بندی پہلی بار 16 اپریل 2026 کو امریکی ثالثی میں ہی عمل میں آئی تھی۔ یہ 10 روزہ سیزفائر پر تھا جس کے اختتام پر تین ہفتوں کی توسیع کی گئی تھی۔
جس کے بعد سے امریکا میں اسرائیل اور لبنان کے درمیان مذاکرات کے دور ہوئے جس میں امریکی وزارت خارجہ نے کلیدی کردار ادا کیا اور دونوں ممالک کو مزید 45 دن کی توسیع پر راضی کرلیا۔
یوں تو جنگ بندی 16 اپریل سے جاری ہے لیکن اس کے باوجود لبنان اور اسرائیل میں جھڑپیں مکمل طور پر نہیں رک سکیں۔ اسرائیل مسلسل حزب اللہ کے ٹھکانوں پر حملے کرتا رہا جبکہ حزب اللہ کی جانب سے بھی راکٹ اور ڈرون حملوں ہوتے رہے۔
لبنان کا مؤقف ہے کہ اسرائیل کو جنوبی لبنان سے مکمل انخلا کرنا چاہیے اور حملے بند کرنے چاہییں جبکہ اسرائیل کا مطالبہ ہے کہ پہلے حزب اللہ کو غیر مسلح کیا جائے۔
خیال رہے کہ اسرائیل اور لبنان کے درمیان جنگ بندی معاہدے میں حزب اللہ نے اب تک براہ راست مذاکرات میں شرکت نہیں کی ہے اور ہتھیار ڈالنے سے بھی انکار کیا ہے حالانکہ وہ لبنانی پارلیمان کا حصہ بھی ہیں۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل