Loading
پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کا ٹی20 سیریز میں بھی زمبابوے کیخلاف کلین سویپ مکمل ہو گیا، تیسرے میچ میں میزبان سائیڈ نے 123 رنز سے کامیابی حاصل کی،،کپتان فاطمہ ثنا نے 15 بالز پر تیز ترین ففٹی بنا دی، سائرہ جبیں 50 رنز پر ناٹ آؤٹ رہیں، سعدیہ اقبال نے3کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا،ون ڈے سیریز کے بھی تینوں میچز ہارنے والی مہمان ٹیم خالی ہاتھوں وطن واپس جائے گی۔
تفصیلات کے مطابق نیشنل بینک اسٹیڈیم کراچی میں گرین شرٹس نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں 4وکٹ پر223رنز بنائے، یہ ٹیم کا ویمن ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں دوسرا بڑا اسکور ثابت ہوا، کپتان فاطمہ ثنا نے جارحانہ انداز میں بیٹنگ کرتے ہوئے 15 گیندوں پر 8چوکوں اور 2چھکوں کی مدد سے ویمن کرکٹ کی تیز ترین نصف سنچری جڑنے کا اعزاز اپنے نام کیا۔
وہ 19 بالز پر 10 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 62 رنز پر ناٹ آؤٹ رہیں، سائرہ جبیں نے 32 گیندوں پر 8 چوکوں کی مدد سے آؤٹ ہوئے بغیر 50 رنز جوڑے،ارم جاوید نے 29 اور منیبہ علی نے 22 رنز بنائے، نتالیہ پرویز ایک رن کی مہمان رہیں،لیندو کوہلے مابہیرو نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
جواب میں ایک مرتبہ پھر زمبابوے کی بیٹنگ ریت کی دیوار ثابت ہوئی، 17.1اوورز میں90رنز پر اننگز کا اختتام ہوگیا،کیلیس 13 گیندوں پر 6 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 32 رنز کے ساتھ نمایاں رہیں،8 پلیئرز دوہرے ہندسوں میں نہ آ سکیں، 3 بیٹرز رن آؤٹ ہوئیں،سعدیہ اقبال نے 20 رنز دے کر 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
نشرح سندھو نے 21 رنز کے عوض 2 وکٹیں حاصل کیں، پاکستان نے چوتھی مرتبہ ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں کلین سویپ کا اعزاز اپنے نام کیا،ٹیم نے اننگز میں 32 چوکوں کا نیا ریکارڈ بھی قائم کیا۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل