Sunday, May 17, 2026
 

کراچی، ایف بی ایریا میں بچوں کی لڑائی میں بڑے بھی کود پڑے، متعدد افراد زخمی، علاقہ میدان جنگ بن گیا

 



جوہر آباد کے علاقے فیڈرل بی ایریا دستگیر صوبہ نگر میں بچوں کی لڑائی میں بڑے بھی کود گئے اس دوران ہونے والے مسلح تصادم کے نتیجے میں علاقہ میدان جنگ بن گیا جبکہ اس موقع پر ہوائی فائرنگ سے علاقہ گونج اٹھا۔  جھگڑے کے دوران پتھراؤ اور ڈنڈے لگنے سے متعدد افراد زخمی ہوگئے جبکہ مشتعل افراد نے متعدد موٹر سائیکلوں کو نذر آتش کر دیا۔  جوہر آباد پولیس کی بھاری نفری نے موقع پر پہنچ کر صورتحال پر قابو پاتے ہوئے متعدد افراد کو حراست میں لے لیا۔ اس حوالے ایس ایس پی ڈسٹرکٹ سینٹرل ڈاکٹر عمران خان نے بتایا کہ جوہر آباد تھانے کی حدود صوبہ نگر کچی آبادی نزد دستگیر میں بچوں کے درمیان ہونے والے لڑائی جھگڑے میں بڑے بھی کود گئے اور اس دوران دو گروپوں میں تصادم ہوگیا جس میں دونوں جانب سے ایک دوسرے کے گھروں پر پتھراؤ کیا گیا جبکہ علاقہ مکینوں کی بڑی تعداد بھی موقع پر جمع ہوگئی۔ تاہم واقعے کی اطلاع  ملتے ہی جوہر آباد پولیس کی بھاری نفری نے موقع پر پہنچ کر حالات پر قابو پالیا۔ پولیس نے مشتعل افراد کو منتشر کرتے ہوئے تصادم اور پتھراؤ میں ملوث متعدد افراد کو حراست لے لیا ہے اور ان سے تفتیش کا عمل جاری ہے۔  انھوں نے بتایا کہ ابتدائی معلومات کے مطابق بچوں کے درمیان جھگڑے کے بعد دونوں خاندانوں کے بڑے افراد بھی آپس میں الجھ پڑے جس کے باعث صورتحال کشیدہ ہوگئی تاہم کسی بھی شخص کو قانون ہاتھ میں لینے کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی اور جو بھی اس ہنگامہ آرائی میں ملوث پایا گیا اس کے خلاف سخت قانونی ایکشن لیا جائے گا۔ دوسری جانب علاقے سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق جھگڑے کے دوران مشتعل افراد کی جانب سے موٹر سائیکل کو بھی نذر آتش کیا گیا جبکہ جھگڑے کے دوران ہوائی فائرنگ سے علاقے میں خوف و ہراس بھی پھیل گیا۔ جبکہ واقعے میں متعدد افراد پتھراؤ سے زخمی بھی ہوئے ہیں جنھیں فوری طبی امداد کے لیے اسپتال لیجایا گیا تاہم کسی بھی غیر معمولی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پولیس کی نفری کو تعینات کر کے گشت میں اضافہ کر دیا گیا ۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل