Loading
وزیراعظم شہباز شریف اور قطر کے وزیراعظم محمد بن عبدالرحمان بن جاسم آل ثانی نے علاقائی اور بین الاقوامی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا اور دونوں رہنماؤں نے گفتگو کے نتائج پر پیش رفت کے لیے اعلیٰ سطح پر رابطے جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف کو قطر کے وزیراعظم اور وزیر خارجہ شیخ محمد بن عبدالرحمان بن جاسم آل ثانی کی جانب سے ٹیلیفون موصول ہوا اور دونوں رہنماؤں کے درمیان نہایت خوش گوار اور دوستانہ ماحول میں گفتگو ہوئی، جس کے دوران علاقائی اور بین الاقوامی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر وزیراعظم نے خطے میں کشیدگی کے خاتمے اور امن و استحکام کے فروغ کے لیے پاکستان کی قیادت میں جاری امن کوششوں کی بھرپور حمایت اور توثیق پر قطری قیادت کا شکریہ ادا کیا۔
وزیراعظم نے علاقائی سفارت کاری میں قطر کے تعمیری کردار اور جاری ثالثی کوششوں کے حق میں اتفاق رائے پیدا کرنے کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے تحسین کا اظہار کیا اور دونوں رہنماؤں نے مشترکہ چیلنجز سے نمٹنے کے لیے تمام متعلقہ فریقین کے درمیان مسلسل رابطوں اور قریبی مشاورت کی ضرورت پر اتفاق کیا۔
وزیراعظم نے قطر کے امیر تمیم بن حمد آل ثانی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ ان کے سرکاری دورۂ پاکستان کے منتظر ہیں۔
دونوں رہنماؤں نے گفتگو کے نتائج پر پیش رفت کے لیے اعلیٰ سطح کے رابطے باقاعدگی سے جاری رکھنے پر بھی اتفاق کیا۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل