Loading
سیکرٹری زراعت پنجاب افتخار علی سہو کی زیر صدارت کمشنر آفس ملتان میں کپاس کی کاشت اور پیداوار سے متعلق اہم جائزہ اجلاس منعقد ہوا جس میں جنوبی پنجاب کے مختلف اضلاع میں جاری کاٹن مہم کی پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خان، ڈپٹی کمشنر ملتان، محکمہ زراعت اور انہار کے افسران، کاشتکاروں اور دیگر متعلقہ اسٹیک ہولڈرز نے شرکت کی جبکہ کمشنر ڈی جی خان چوہدری اشفاق احمد سمیت مختلف اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔
سیکرٹری زراعت افتخار علی سہو نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کپاس کی اچھی پیداوار کسانوں کی معاشی خوشحالی اور ملکی معیشت کے استحکام کے لیے انتہائی اہم ہے۔
انہوں نے کاشت مہم میں ضلعی و ڈویژنل انتظامیہ کے تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ فیلڈ فارمیشنز کسانوں کی رہنمائی میں اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو بھرپور انداز میں استعمال کریں۔
انہوں نے ہدایت کی کہ مارکیٹوں میں کھاد کی سرکاری نرخوں پر دستیابی یقینی بنائی جائے جبکہ زرعی ادویات میں ملاوٹ کرنے والوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری رکھی جائیں۔
افتخار علی سہو نے موسمی حالات کے تناظر میں ماہرین کی مشاورت سے نئی کاٹن ایڈوائزری جاری کرنے کی بھی ہدایت دی۔
اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ ملتان ڈویژن میں 7 لاکھ 75 ہزار ایکڑ رقبے پر کپاس کی کاشت کا ہدف مقرر کیا گیا تھا جس میں سے 81 فیصد ہدف حاصل کر لیا گیا ہے۔
اسی طرح ڈی جی خان ڈویژن میں 4 لاکھ 25 ہزار ایکڑ رقبے پر کپاس کی کاشت کا ٹارگٹ مقرر کیا گیا جہاں 93 فیصد ہدف مکمل ہونے کی رپورٹ پیش کی گئی۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل