Loading
کنگ چارلس کی موت کا غلط اعلان کرنے پر برطانیہ کے ایک ریڈیو اسٹیشن نے عوام اور شاہی خاندان سے معذرت کر لی۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق سابق برطانوی پائریٹ ریڈیو اسٹیشن ریڈیو کیرولائن نے منگل کے روز غلطی سے کنگ چارلس سوم کے انتقال کی خبر نشر کردی، جس کے بعد کچھ دیر کیلئے نشریات بھی بند ہوگئیں۔
ریڈیو اسٹیشن کے منیجر پیٹر مور نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں بتایا کہ یہ غلطی اسٹوڈیو کے کمپیوٹر سسٹم میں خرابی کے باعث ہوئی، جس سے بادشاہ کی وفات کے اعلان کا خصوصی پروٹوکول خودکار طور پر فعال ہوگیا۔
انہوں نے کہا کہ برطانیہ کے تمام ریڈیو اسٹیشنز کے پاس بادشاہ یا ملکہ کے انتقال کی صورت میں ایک خصوصی نشریاتی طریقہ کار موجود ہوتا ہے لیکن اس بار یہ نظام غلطی سے متحرک ہوگیا۔
https://www.facebook.com/radiocarolineofficial/posts/1563132485814948/
پیٹر مور کے مطابق سسٹم فعال ہونے کے بعد ریڈیو اسٹیشن خاموش ہوگیا، جس سے عملے کو فوری طور پر صورتحال کا علم ہوا اور پروگرام بحال کرکے آن ائیر معذرت نشر کی گئی۔
ریڈیو اسٹیشن نے اپنے بیان میں کہا کہ ’ہم شاہ چارلس اور اپنے سامعین سے اس غلطی اور پریشانی پر معذرت خواہ ہیں۔
یہ واقعہ ایسے وقت پیش آیا جب کنگ چارلس اور ملکہ کومیلا شمالی آئرلینڈ کے دورے پر موجود تھے اور مختلف تقریبات میں شرکت کر رہے تھے۔
واضح رہے کہ ریڈیو کیرولائن 1964 میں بی بی سی کی اجارہ داری کے خلاف قائم کیا گیا تھا اور یہ کئی برس تک سمندر میں موجود جہازوں سے نشریات نشر کرتا رہا۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل