Loading
پنجاب حکومت نے صوبے بھر میں پاک فضائیہ کی ایئربیسز اور کمرشل ہوائی اڈوں کی سیکیورٹی یقینی بنانے کے لیے دفعہ 144 نافذ کر دی ہے، جس کے تحت ہوائی اڈوں اور ایئربیسز کے گردونواح 13 کلومیٹر کے دائرے میں کبوتر بازی، لیزر لائٹس کے استعمال اور آلائشیں یا گوشت پھینکنے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
ترجمان محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق پابندیوں کا اطلاق 30 روز کے لیے ہوگا جبکہ یہ احکامات پنجاب بھر میں قائم تمام پاک فضائیہ کے ایئربیسز اور کمرشل ایئرپورٹس کے اطراف نافذ العمل ہوں گے۔ پابندیاں ضابطہ فوجداری 1898 کے سیکشن 144(6) کے تحت نافذ کی گئی ہیں۔
محکمہ داخلہ کے مطابق ہوائی اڈوں اور ایئربیسز کے اطراف کبوتر بازی، لیزر لائٹس کا استعمال اور صدقے کا گوشت یا آلائشیں پھینکنا فلائٹ آپریشنز اور فضائی حفاظت کے لیے سنگین خطرات کا باعث بنتا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ پرندے گوشت اور آلائشوں کی جانب راغب ہوتے ہیں، جس سے طیاروں اور مسافروں کی جانوں کو خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔
ترجمان کے مطابق فیصلہ انسانی جانوں اور املاک کے تحفظ کے لیے کیا گیا ہے جبکہ ایئرپورٹس اور گردونواح میں صفائی کے خصوصی انتظامات یقینی بنانے کی بھی ہدایت جاری کی گئی ہے۔
محکمہ داخلہ پنجاب نے ضلعی انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو احکامات پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنانے کی ہدایت بھی جاری کر دی ہے۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل