Thursday, May 21, 2026
 

طبی دنیا کا حیران کن واقعہ، خاتون نے 5 روز میں 4 بچوں کو جنم دے دیا

 



بھارتی ریاست اترپردیش میں طبی تاریخ کا ایک حیران کن اور انوکھا واقعہ سامنے آیا ہے جہاں ایک 31 سالہ خاتون نے صرف 5 دن کے دوران 4 بچوں کو جنم دے دیا۔ بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ضلع سنبھل کے ایک گاؤں سے تعلق رکھنے والی خاتون آمنہ کے ہاں نارمل ڈیلیوری کے ذریعے 4 بچوں کی پیدائش ہوئی، جن میں 2 بیٹے اور 2 بیٹیاں شامل ہیں۔ اسپتال حکام کے مطابق آمنہ نے 9 مئی کو پہلے بچے کو جنم دیا، جبکہ 14 مئی کو مزید تین بچوں کی پیدائش ہوئی۔ ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ یہ انتہائی نایاب طبی کیس تھا کیونکہ چاروں بچوں کی پیدائش آپریشن کے بغیر نارمل طریقے سے ممکن ہوئی۔ طبی ٹیم کی سربراہ ڈاکٹر شبھرا اگروال کے مطابق حمل کو شروع ہی سے ہائی رسک قرار دیا گیا تھا اور مسلسل نگرانی کی جا رہی تھی۔ الٹراساؤنڈ کے دوران چار بچوں کی موجودگی کی تصدیق ہونے پر خصوصی میڈیکل ٹیم تشکیل دی گئی تھی۔ ڈاکٹرز نے ابتدا میں ممکنہ خطرات کے باعث بچوں کی تعداد کم کرنے کا مشورہ بھی دیا تھا، تاہم خاندان نے حمل جاری رکھنے کا فیصلہ کیا۔ اسپتال انتظامیہ کے مطابق احتیاطی تدابیر کے طور پر تمام نومولود بچوں کو وینٹی لیٹر سپورٹ پر رکھا گیا ہے، تاہم ان کی حالت خطرے سے باہر اور مستحکم ہے، جبکہ ماں بھی مکمل طور پر صحت مند ہے۔ آمنہ نے ڈاکٹروں اور طبی عملے کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے بچوں کی خیریت پر بہت خوش ہیں۔ ان کے شوہر محمد عالم کا کہنا تھا کہ ڈاکٹروں نے پورے کیس کو انتہائی مہارت اور احتیاط سے سنبھالا۔ ڈاکٹر شبھرا اگروال کے مطابق اسپتال کی تاریخ میں یہ پہلا موقع ہے جب چار بچوں کی نارمل ڈیلیوری کامیابی سے مکمل ہوئی۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل