Loading
لاہور ہائیکورٹ میں منشیات کے پیسوں سے منی لانڈرنگ کرکے جائیدادیں بنانے کے الزام میں ملزمان کی درخواست ضمانت پر سماعت ہوئی۔ عدالت نے ملزمہ رمشاء اور ماریا کی عبوری ضمانت خارج کردی۔ جسٹس فاروق حیدر اور جسٹس علی ضیاء باجوہ پر مشتمل بینچ نے کیس کی سماعت کی۔
اے این ایف کی جانب سے ایڈووکیٹ یاسر صدیقی نے دلائل دیے۔ مؤقف اختیار کیا گیا کہ 19 فروری 2026 کو منی لانڈرنگ کا مقدمہ درج ہوا۔ مؤقف کے مطابق ماریا کے علاوہ دیگر 3 افراد پر بھی مقدمات درج ہیں۔
اے این ایف کے مطابق درخواست گزار ملزمان نے منشیات کی فروخت سے جائیدادیں بنائیں اور منشیات فروشی سے بنائی گئی جائیدادیں منی لانڈرنگ کے زمرے میں آتی ہیں۔ مؤقف میں کہا گیا کہ دونوں ملزم بہنوں کی والدہ منشیات کے مقدمے میں جیل میں ہیں، جبکہ درخواست گزار ملزمہ کی 2 بہنیں مقدمے میں مفرور ہیں۔ استدعا کی گئی کہ ملزم بہنوں کی درخواست ضمانت مسترد کی جائے۔
وکیل درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا کہ درخواست گزاروں کو والد کی جانب سے 4 مکانات ملے تھے۔ مکانات فروخت کرکے نئی جائیداد بنائی گئی۔ وکیل کے مطابق منشیات کے ذریعے جائیدادیں بنانے کا الزام درست نہیں ہے۔ عدالت سے استدعا کی گئی کہ درخواست گزاروں کی درخواست ضمانت منظور کی جائے۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل