Loading
وزیر صنعت جام اکرام اللہ دھاریجو نے سائٹ کراچی کو سائٹ لمیٹڈ سے علیحدگی کرنے کی تجویز پر خصوصی اجلاس طلب کرنے کا عندیہ دے دیا۔
انہوں نے یہ عندیہ سائٹ ایسوسی ایشن آف انڈسٹری کے تحت میٹ اینڈ گریٹ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے دیا۔
وزیر صنعت وتجارت نے کراچی کے صنعتی علاقوں کے انفراسٹرکچر کی ترقی کے لیے فنڈنگ کے معاملے پر کہا کہ حکومت نجی شعبے کی زیادہ سے زیادہ شمولیت چاہتی ہے تاکہ صوبائی فنڈز پر تمام تر انحصار نہ رہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ ڈی ایم سیز اور متعلقہ صنعتی ایسوسی ایشنز کو مزید فنڈز صرف اس وقت جاری کیے جائیں گے جب پہلے سے جاری کردہ فنڈز مقررہ مدت میں مکمل طور پر استعمال کرلیے جائیں گے۔
انہوں نے نجی شعبے کے کردار کو سراہا ہے اور شہر کے اہم صنعتی علاقوں میں انتظامی و مالی اصلاحات کا روڈ میپ بھی پیش کیا۔
سائٹ ایسوسی ایشن کے سرپرست اعلیٰ زبیر موتی والا نے سندھ حکومت کو دعوت دی کہ وہ سائیٹ لمیٹڈ سمیت سرکاری کاروبار میں بہتری لانے، برآمدات بڑھانے اور صنعتی پیداوار میں اضافے کے لیے تاجر برادری کے ساتھ مل کر کام کرے۔
انہوں نے سائٹ کراچی کو سائٹ لمیٹڈ سے الگ کرکے سائٹ ایسوسی ایشن آف انڈسٹری کے حوالے کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ اس تجویز پر عمل درآمد کے نتیجے پیشہ ورانہ بنیادوں پر صنعتی علاقے کے ناصرف مسائل تیز رفتاری سے حل ہوسکیں گے بلکہ انفراسٹرکچر آپریشنز بھی بہترین انداز میں چلایا جاسکے گا جبکہ سی ای او سمیت اعلیٰ عہدوں پر اہل و پیشہ ور افراد کا میرٹ پر تقرری ممکن ہوسکے گی۔
انہوں نے کہا کہ سائٹ لمیٹڈ کو دیگر صنعتی زونز کے مسائل پر بھی توجہ دینے کی ضرورت ہے۔
اس موقع پر سائٹ ایسوسی ایشن کے سرپرست سلیم پاریکھ اور قائم مقام صدر احمد ذوالفقار چوہدری نے بھی خطاب کیا۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل