Loading
دنیا کے امیر ترین شخص ایلون مسک اب دنیا کے پہلے کھرب پتی بننے کے مزید قریب دکھائی دے رہے ہیں۔ اس کی بڑی وجہ ان کی خلائی کمپنی SpaceX کا وہ منصوبہ ہے جس کے تحت کمپنی کو تقریباً 1750 ارب ڈالرز کی ممکنہ مارکیٹ ویلیو کے ساتھ عوامی سطح پر پیش کرنے کی تیاری کی جارہی ہے۔ اگر یہ منصوبہ کامیاب ہوگیا تو ایلون مسک کی مجموعی دولت میں غیر معمولی اضافہ ہوسکتا ہے۔
رپورٹس کے مطابق اسپیس ایکس جون 2026 کے وسط میں ابتدائی پبلک آفرنگ یعنی آئی پی او لانے پر غور کررہی ہے۔ کمپنی میں ایلون مسک کے تقریباً 42 فیصد حصص موجود ہیں، اسی لیے مارکیٹ ویلیو بڑھنے کی صورت میں ان کی دولت نئی تاریخ رقم کرسکتی ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر کمپنی کی قدر واقعی 1750 ارب ڈالرز تک پہنچتی ہے تو مسک دنیا کے پہلے ایسے شخص بن سکتے ہیں جن کی دولت ایک ہزار ارب ڈالرز یعنی ایک کھرب ڈالرز سے تجاوز کرجائے۔
آئی پی او سے متعلق دستاویزات میں بتایا گیا ہے کہ اسپیس ایکس مستقبل میں چاند اور مریخ تک انسانی رسائی کو ممکن بنانے کے لیے بڑے پیمانے پر سرمایہ اکٹھا کرنا چاہتی ہے۔ کمپنی کے مطابق زمین پر انسانیت کو درپیش ممکنہ خطرات کے پیش نظر خلائی منصوبوں پر تیزی سے کام کرنا ضروری ہے تاکہ انسانوں کا مستقبل محفوظ بنایا جاسکے۔ دستاویزات میں یہاں تک کہا گیا کہ انسانیت کو ڈائنوسارز جیسی قسمت سے بچانے کے لیے نئی دنیاؤں تک رسائی ناگزیر ہے۔
اگرچہ کمپنی نے باضابطہ طور پر مطلوبہ سرمایہ کاری کی تفصیلات جاری نہیں کیں، تاہم بعض رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ اسپیس ایکس تقریباً 75 ارب ڈالرز اکٹھا کرنا چاہتی ہے۔ اسپیس ایکس اس وقت دنیا کی نمایاں خلائی کمپنیوں میں شمار ہوتی ہے اور یہ دوبارہ استعمال ہونے والے راکٹس اور اسٹارلنک سیٹلائٹ نیٹ ورک جیسے بڑے منصوبوں کی وجہ سے عالمی توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہے۔
دوسری جانب ٹیسلا بھی ایلون مسک کو بھاری معاوضے کے پیکج کی منظوری دے چکی ہے، تاہم اس کے لیے کمپنی کو مخصوص مالی اہداف حاصل کرنا ہوں گے۔ ان میں ٹیسلا کی مارکیٹ ویلیو کو موجودہ سطح سے بڑھا کر تقریباً 8500 ارب ڈالرز تک لے جانا شامل ہے، جو ایک بڑا چیلنج تصور کیا جا رہا ہے۔
ماہرین کے مطابق چاہے ایلون مسک ٹیسلا کے ذریعے کھرب پتی بنیں یا اسپیس ایکس کے ذریعے، دونوں راستوں میں غیر معمولی معاشی اور کاروباری چیلنجز موجود ہیں۔ تاہم اس کے باوجود دنیا بھر کی نظریں اب اسپیس ایکس کے متوقع آئی پی او اور ایلون مسک کی اگلی بڑی کامیابی پر جمی ہوئی ہیں۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل