Friday, May 22, 2026
 

وسطی امریکی ملک ہونڈوراس میں پام آئل فارم پر فائرنگ، خواتین بچوں سمیت 20 افراد ہلاک

 



وسطی امریکی ملک ہونڈوراس کے شمالی علاقے میں واقع ایک پام آئل فارم پر مسلح حملے میں ہلاک افراد کی تعداد بڑھ کر کم از کم 20 ہو گئی۔ عالمی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق متعدد مسلح افراد نے اندھا دھند فائرنگ اس وقت کی جب مزدور ایک پام آئل فارم میں اپنے کام کے آغاز کی تیاری کر رہے تھے۔ ہونڈوراس پولیس کے ڈپٹی کمشنر نے مقامی نشریاتی ادارے کو بتایا کہ جائے وقوعہ سے اب تک 20 لاشیں برآمد کی جا چکی ہیں جن میں 15 مرد، 3 خواتین اور 2 کم عمر بچے شامل ہیں۔ حکام کے مطابق ابتدائی تحقیقات کے دوران مشکلات اس وقت پیدا ہوئیں جب متاثرہ خاندانوں نے تفتیش مکمل ہونے سے پہلے ہی لاشیں اٹھانا شروع کر دیں جس کے باعث شواہد جمع کرنے میں رکاوٹ پیش آئی۔ استغاثہ کے مطابق حملہ آوروں نے فارم کے احاطے میں قائم ایک چرچ کے قریب فائرنگ کی تاہم اب تک حملے کی واضح وجہ سامنے نہیں آ سکی۔ البتہ ہونڈوراس کے سکیورٹی وزیر گیرزون ویلاسکیز کا کہنا ہے کہ ابتدائی شواہد جرائم پیشہ گروہوں کے ملوث ہونے کی طرف اشارہ کرتے ہیں۔ یاد رہے کہ باجو آگوان کا علاقہ طویل عرصے سے زمینوں کے تنازعات، منشیات اسمگلنگ کے راستوں اور پام آئل کی کاشت کے پھیلاؤ کے باعث تشدد کا شکار رہا ہے۔ یہاں بڑے زمینداروں اور کسانوں کے درمیان کشیدگی اکثر خونریز جھڑپوں میں تبدیل ہو جاتی ہے۔ افریقی پام سے حاصل ہونے والا پام آئل دنیا بھر میں کھانے پینے کی اشیا، صابن، کاسمیٹکس اور بائیو فیول میں استعمال کیا جاتا ہے جس کی بڑھتی ہوئی طلب نے اس خطے میں زمینوں پر تنازعات کو مزید شدت دی ہے۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل