Saturday, May 23, 2026
 

پاکستان میں ایبولا وائرس کا خطرہ انتہائی کم ہے، وزارت صحت

 



وزارت صحت نے وضاحت کی ہے کہ پاکستان میں ایبولا وائرس کے حوالے سے خطرات انتہائی کم ہیں۔ ترجمان وزارت صحت نے کہا ہے کہ عالمی ادارۂ صحت نے کانگو اور یوگنڈا میں حالیہ ایبولا وبا کی صورتحال کو عالمی ہنگامی صورتحال قرار دیا ہے اور  ایبولا وائرس کا موجودہ پھیلاؤ صرف افریقی ممالک کانگو اور یوگنڈا تک محدود ہے۔  بیان کے مطابق ڈبلیو ایچ او نے واضح کیا ہے کہ افریقا سے باہر کسی اور ملک میں ایبولا وائرس کا کوئی مریض رپورٹ نہیں ہوا۔ اسی طرح پاکستان یا ہمسایہ ممالک میں بھی کبھی ایبولا کا کوئی کیس سامنے نہیں آیا۔ وزارت صحت کے مطابق متاثرہ افریقی ممالک سے محدود سفری روابط کے باعث پاکستان میں خطرہ انتہائی کم ہے۔ عالمی ادارۂ صحت نے احتیاطی نگرانی بڑھانے کی ہدایت دی ہے تاہم کسی قسم کی سفری پابندیوں کی سفارش نہیں کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے وائرس کے حالیہ پھیلاؤ کے پیش نظر ملک میں پیشگی اقدامات کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ عوام کو وباؤں سے بچانے کے لیے مؤثر اقدامات کو یقینی بنایا جارہا ہے جبکہ وزارت صحت اور این آئی ایچ صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہیں۔ ترجمان نے کہا کہ وزیر صحت کی ہدایت کے مطابق ایبولا سے بچاؤ کے لیے ملک بھر کے ائیرپورٹس پر نگرانی مزید مؤثر بنا دی گئی ہے ۔ انٹرنیشنل ہیلتھ ریگولیشن کی سفارشات پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جارہا ہے۔ وزارت صحت نے تمام صوبوں اور بارڈر ہیلتھ سروسز کو الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کردی ہیں جبکہ وزارت صحت اور اس کے ماتحت ادارے کسی بھی ناگہانی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ہائی الرٹ ہیں۔ ترجمان کے مطابق این آئی ایچ پاکستان ایبولا کی تشخیص کی صلاحیت رکھتا ہے اور قومی ادارۂ صحت کو تمام ضروری انتظامات یقینی بنانے کی ہدایت کردی گئی ہے۔ وزارت صحت نے افریقی ممالک کا سفر کرنے والے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ روانگی سے قبل متعلقہ ملک کی سفری اور طبی ہدایات ضرور دیکھیں۔ حکام کے مطابق پاکستان کے صحت ادارے عالمی ادارۂ صحت کے تعاون سے صورتحال کی مسلسل نگرانی کررہے ہیں۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل