Saturday, May 23, 2026
 

بلدیہ عظمیٰ کراچی کی کونسل کا اجلاس

 



بلدیہ عظمیٰ کراچی کی کونسل کا اجلاس ہوا جس  کی صدارت ڈپٹی میئر کراچی سلمان عبداللہ مراد نے کی۔ اجلاس میں شاہراہ بھٹو کی تکمیل پر بلاول بھٹو کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے لیے قرارداد پیش کی گئی، جبکہ ادریس شانزئی کے صاحبزادے کے شہید ہونے پر تعزیتی قرارداد بھی پیش کی گئی۔ سیف الدین ایڈووکیٹ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ بلدیاتی اداروں میں سب سے بڑا ایوان ہے اور اس کے تقدس کو بحال رکھنا سب کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ اجلاس میں ناخوشگوار واقعہ پیش آیا تھا، ایسا نہیں ہونا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ ’’یہ کراچی ہے، اس میں ایک دوسرے کے غم میں شریک ہوتے ہیں، ہاتھوں سے بات نہیں کرتے، زبان سے بات کرتے ہیں۔‘‘ سیف الدین ایڈووکیٹ نے کہا کہ ایوان میں کئی اعلانات ہوئے جن پر عملدرآمد نہیں ہوا۔ انہوں نے ٹریڈ لائسنس قرارداد، شادی ہالوں سے ہونے والی آمدنی، 85 یونین کمیٹیوں کی زیر التوا فائلوں اور سپروائزری کمیٹی کے قیام کا معاملہ بھی اٹھایا۔ انہوں نے کہا کہ سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ بات کرنے کو تیار نہیں، جبکہ 246 یونین کمیٹیوں کے چیئرمینوں کو عزت دی جائے۔ ان کے مطابق قانون یہ کہتا ہے کہ یوسی میں ہونے والے ترقیاتی کام کی نگرانی متعلقہ چیئرمین کرے گا۔ کرم اللہ وقاصی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سیف الدین ایڈووکیٹ نے ایوان کو چلانے کے لیے اچھے ماحول کی بات کی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی شہید بھٹو، شہید محترمہ بینظیر بھٹو اور بلاول بھٹو کا مشن عوام کی خدمت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے تمام سازشوں کے باوجود شاہراہ بھٹو پر کام جاری رکھا، جبکہ بلاول بھٹو وزیر اعلیٰ سندھ، وزیر بلدیات اور میئر کراچی کے ساتھ منصوبے کی تکمیل تک کھڑے رہے۔ کرم اللہ وقاصی نے کہا کہ کراچی میں میگا منصوبوں کی پلاننگ جاری ہے اور سگنل فری کوریڈورز پر کام ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چیئرمین پیپلز پارٹی نے قیوم آباد سے کے پی ٹی انٹرچینج تک منصوبے کا سنگ بنیاد بھی رکھا ہے۔ اجلاس میں شاہراہ بھٹو کی تکمیل پر بلاول بھٹو کو خراجِ تحسین پیش کرنے کی قرارداد منظور کر لی گئی۔ لیاری میں گورنمنٹ ڈگری گرلز کالج کی زمین کے حصول کے لیے این او سی جاری کرنے کی قرارداد بھی منظور کی گئی۔ اجلاس میں گل پلازہ کے حوالے سے مختلف اقدامات پر 13 ملین روپے اور ملبہ اٹھانے کے اقدامات پر 30.89 ملین روپے اخراجات کی منظوری کی قرارداد بھی منظور کر لی گئی۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل