Tuesday, May 26, 2026
 

سعود آناد میں فائرنگ سے میاں بیوی کی ہلاکت کا معاملہ، سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آ گئی

 



شہر قائد میں سعود آباد کے علاقے میں پسند کی شادی کرنے والے میاں بیوی کو نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کر کے قتل کر دیا واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آ گئی ہے جس میں حملہ آوروں کی کارروائی دیکھی جا سکتی ہے۔ پولیس کے مطابق واقعہ ملیر آر سی ڈی گراؤنڈ کے قریب نادرا اور پاسپورٹ آفس کے سامنے پیش آیا جہاں سفید رنگ کی کار میں سوار میاں بیوی کو موٹر سائیکل پر آئے دو مسلح افراد نے نشانہ بنایا۔ سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ موٹر سائیکل سوار ملزمان کار کا پیچھا کرتے ہوئے آئے اور سعود آباد پاسپورٹ آفس کے قریب پہنچتے ہی پیچھے بیٹھے ملزم نے چلتی موٹر سائیکل سے کار پر فائرنگ کر دی۔ فائرنگ کے بعد دونوں حملہ آور موقع سے کالا بورڈ کی جانب فرار ہو گئے۔ فوٹیج میں یہ بھی دیکھا گیا کہ فائرنگ کے فوراً بعد کار رکتے ہی ڈرائیونگ سیٹ کے ساتھ بیٹھا ایک شخص خوفزدہ حالت میں گاڑی سے نکل کر بھاگ گیا جبکہ کچھ ہی دیر میں جائے وقوعہ پر لوگوں کا ہجوم جمع ہو گیا۔ پولیس کے مطابق فائرنگ کی زد میں آ کر میاں بیوی دونوں موقع پر ہی دم توڑ گئے۔ ابتدائی تحقیقات میں معلوم ہوا ہے کہ مقتول جوڑے نے پسند کی شادی کی تھی اور انہیں عدالت سے 63 سی آر پی سی کے تحت تحفظ بھی حاصل تھا۔ واقعے کے بعد پولیس نے مختلف پہلوؤں سے تحقیقات شروع کر دی ہیں جبکہ سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے ملزمان کی شناخت اور گرفتاری کیلئے کارروائی جاری ہے۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل