Loading
امریکا سے بہنوئی کے ہمراہ عید منانے کراچی آنے والا شخص شاہ فیصل کالونی میں پراسرار طور پر لاپتہ ہوگیا تاہم پولیس نے واقعے کا مقدمہ اغوا کی دفعات کے تحت درج کرلیا۔
شاہ فیصل کالونی پولیس کی جانب سے27 مئی کو مقدمہ نمبر 256 سال 2026 بجرم دفعہ 365 کے تحت درج کیے گئے مقدمے میں مدعی معیز علی نے بتایا کہ ان کا چچازاد بھائی سید مسند علی امریکی شہری ہیں اور 24 مئی کو اپنے سالے 36 سالہ زید منیر کے ہمراہ امریکا سے عید منانے کے لیے میرے گھر شاہ فیصل کالونی آئے ہوئے تھے۔
انہوں نے بتایا کہ میرے کزن کا سالا زید منیر 25 مئی کی رات ایک بج کر 24 منٹ پر گھر سے نکلا جس نے صبح 8 بج کر 30 منٹ پر میرے کزن مسند علی کی اہلیہ کو امریکا کے واٹس ایپ نمبر سے میسج کر کے کہا کہ میں اسلام آباد جا رہا ہوں لیکن زید منیر کا نمبر مسلسل بند جا رہا ہے۔
درخواست گزار نے بتایا کہ اپنے طور پر لاپتا زید منیر کو کافی تلاش و معلومات حاصل کی لیکن ان کا کچھ پتا نہ چل سکا اور اب اپنے کزن سید مسند علی کے ہمراہ رپورٹ درج کرانے آیا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ میرا دعویٰ ہے کسی نامعلوم ملزم یا ملزمان پر زید منیر کو نامعلوم وجہ پر اغوا کرنے کا ہے، جس پر شاہ فیصل کالونی پولیس نے مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش کے لیے انویسٹی گیشن پولیس کے حوالے کر دیا۔
ایکسپریس نیوز کو مدعی مقدمہ معیز علی نے بتایا کہ امریکا سے بہنوئی کے ہمراہ آکر لاپتا ہونے والے زید منیر کا تاحال کچھ سراغ نہیں مل سکا ہے اور اہل خانہ نے پولیس کے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ زید منیر کو بحفاظت بازیاب کرایا جائے۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل