Thursday, May 28, 2026
 

امریکی عوام کو ایران جنگ سے کوئی امید نہیں، ٹرمپ پر اعتماد بھی کم ہوگیا

 



واشنگٹن: امریکا میں ہونے والے مختلف سرویز سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ امریکی عوام کی بڑی تعداد ایران کے ساتھ جاری کشیدگی اور جنگی صورتحال کے جلد خاتمے کی خواہاں ہے اور انہیں اس جنگ سے کسی مثبت نتیجے کی امید نہیں۔ فوکس نیوز کے تازہ سروے کے مطابق صرف 39 فیصد امریکی ووٹرز ایران کے خلاف فوجی کارروائیاں جاری رکھنے کے حق میں ہیں، جبکہ اکثریت جنگ کے خاتمے کو ترجیح دے رہی ہے۔ اسی طرح نیویارک ٹائمز اور سینا کالج کے مشترکہ سروے میں 52 فیصد امریکی شہریوں نے ایران جنگ ختم کرنے کی حمایت کی۔ سروے میں شامل افراد کا کہنا تھا کہ مسلسل کشیدگی امریکا اور مشرق وسطیٰ دونوں کیلئے مزید خطرات پیدا کر سکتی ہے۔ واشنگٹن پوسٹ اور اے بی سی نیوز کے سروے کے مطابق 65 فیصد امریکیوں کا خیال ہے کہ ایران کے ساتھ کوئی بھی ممکنہ معاہدہ اسے جوہری ہتھیار بنانے سے مکمل طور پر نہیں روک سکے گا۔ پیو ریسرچ سینٹر کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ دو تہائی امریکیوں کو ایران میں امریکی اہداف کے حصول پر اعتماد نہیں، جبکہ 61 فیصد افراد کا ماننا ہے کہ اس جنگ کے باعث دہشت گردی کے خطرات میں اضافہ ہوا ہے۔ سروے کے مطابق 56 فیصد امریکیوں کا کہنا ہے کہ ایران جنگ کے نتیجے میں امریکا کے عالمی تعلقات متاثر ہوئے ہیں، جبکہ 49 فیصد افراد کے مطابق مشرق وسطیٰ میں عدم استحکام مزید بڑھ سکتا ہے۔ ادھر سی این این کے سروے میں 59 فیصد امریکی شہریوں نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر کم یا بالکل اعتماد نہ ہونے کا اظہار کیا۔ سیاسی مبصرین کے مطابق عوامی رائے میں یہ تبدیلی آئندہ امریکی سیاسی منظرنامے پر بھی اثر انداز ہوسکتی ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ جنگ کے طویل ہونے، بڑھتے اخراجات اور عالمی سطح پر بڑھتی بے یقینی کے باعث امریکی عوام اب سفارتی حل کو زیادہ اہمیت دے رہے ہیں۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل