Thursday, May 28, 2026
 

عید تعطیلات؛ مری میں روزانہ 70 ہزار گاڑیوں کی آمد متوقع، سیکیورٹی سخت

 



مری میں عید تعطیلات کے دوران 70 ہزار گاڑیوں کی روزانہ آمد کے پیش نظر سیکیورٹی سمیت دیگر انتظامات سخت کیے گئے ہیں۔ ڈی پی او مری ڈاکٹر رضا تنویر سپرا نے کہا ہے کہ عید کی تعطیلات اور لانگ ویک اینڈ کے دوران مری میں روزانہ 60 سے 70 ہزار گاڑیوں کی آمد متوقع ہے، جس کے پیش نظر خصوصی ٹریفک اور سیکیورٹی پلان نافذ کردیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ گھوڑا گلی، باڑیاں، چھڑیاں اور دیوال میں اہم ناکہ جات فعال کردیے گئے ہیں جبکہ پھلگراں ٹول پلازہ اور 17 میل پر اضافی پولیس اور ٹریفک نفری تعینات کردی گئی ہے۔ علاوہ ازیں بھارہ کہو بائی پاس انٹری اور ایگزٹ پوائنٹس پر خصوصی چیکنگ اور مانیٹرنگ جاری ہے۔ ڈاکٹر رضا تنویر سپرا نے کہا کہ جھیکا گلی، لوئر ٹوپا اور بنسرا گلی میں ٹریفک ریگولیشن مزید سخت کردی گئی ہے جبکہ کلڈنہ اور لارنس کالج روڈ ٹی چوک پر خصوصی ناکہ بندی قائم کی گئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مری پولیس نے لانگ ویک اینڈ کے دوران سیاحوں کی سہولت اور سکیورٹی کے لیے مکمل انتظامات کیے ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ مسیاری اور مال روڈ جی پی او چوک بیلٹ میں اضافی نفری اور پٹرولنگ جاری ہے جبکہ تمام داخلی و خارجی راستوں پر سرچ، چیکنگ اور نگرانی سخت کردی گئی ہے۔ ڈی پی او مری نے شہریوں کو ہدایت کی کہ وہ اپنے شناختی کارڈ ساتھ رکھیں۔ انتظامیہ کے مطابق فیملیز اور سیاحوں کی سہولت کے لیے ٹریفک اور ڈسٹرکٹ پولیس ہمہ وقت موجود ہے جبکہ اہم سیاحتی مقامات پر ڈولفن، ایلیٹ اور ضلعی پولیس مشترکہ ڈیوٹی سرانجام دے رہی ہے۔ شہری اور سیاح ٹریفک پولیس کی ہدایات پر عمل کریں تاکہ ٹریفک کی روانی برقرار رہے۔ ڈاکٹر رضا تنویر سپرا نے مزید کہا کہ لانگ ویک اینڈ کے دوران کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے خصوصی ٹیمیں تیار رکھی گئی ہیں جبکہ مری پولیس محفوظ، منظم اور فیملی فرینڈلی ماحول یقینی بنانے کے لیے متحرک ہے۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل