Thursday, May 28, 2026
 

2027 تاریخ کا گرم ترین سال بن سکتا ہے، اقوام متحدہ کی چونکا دینے والی رپورٹ

 



اقوام متحدہ کے موسمیاتی ادارے ورلڈ میٹرولوجیکل آرگنائزیشن نے خبردار کیا ہے کہ 2026 سے 2030 تک دنیا کا اوسط درجہ حرارت ریکارڈ سطح پر برقرار رہنے یا مزید بڑھنے کا قوی امکان ہے، جبکہ آئندہ چند برسوں میں ایک نیا گرم ترین سال بھی ریکارڈ ہوسکتا ہے۔ غیر ملکی خبر ایجنسی اے ایف پی کے مطابق اقوام متحدہ کے ادارے نے اپنی تازہ رپورٹ میں کہا ہے کہ 2015 کے بعد سے اب تک ریکارڈ کیے گئے 11 گرم ترین سال سامنے آچکے ہیں اور یہ سلسلہ آئندہ برسوں میں بھی جاری رہنے کا خدشہ ہے۔ رپورٹ کے مطابق 75 فیصد امکان ہے کہ 2026 سے 2030 کے دوران پانچ سالہ اوسط عالمی درجہ حرارت صنعتی دور سے پہلے کے مقابلے میں 1.5 ڈگری سینٹی گریڈ کی حد عبور کر جائے گا۔ ماہرین کے مطابق یہ وہ اہم حد ہے جسے پیرس ماحولیاتی معاہدے میں خطرناک موسمیاتی تبدیلی سے بچاؤ کے لیے مقرر کیا گیا تھا۔ اقوام متحدہ کے موسمیاتی ادارے کا کہنا ہے کہ 86 فیصد امکان ہے کہ 2026 سے 2030 کے درمیان کوئی ایک سال 2024 کو بھی پیچھے چھوڑتے ہوئے تاریخ کا گرم ترین سال بن جائے گا۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ 2026 کے آخر میں ال نینو موسمیاتی نظام کے دوبارہ فعال ہونے کا امکان ہے، جس کے باعث 2027 میں عالمی درجہ حرارت مزید بڑھ سکتا ہے۔ ماہرین کے مطابق ال نینو دنیا بھر میں شدید گرمی، خشک سالی، طوفانوں اور بارشوں کے نظام میں بڑی تبدیلیوں کا سبب بنتا ہے۔ ادھر یورپ کے کئی ممالک اس وقت شدید گرمی کی لہر کی لپیٹ میں ہیں، برطانیہ اور فرانس میں مئی کے مہینے کے درجہ حرارت کے کئی ریکارڈ ٹوٹ چکے ہیں۔ رپورٹ میں خبردار کیا گیا ہے کہ آرکٹک خطے میں آئندہ پانچ برسوں کے دوران درجہ حرارت عالمی اوسط کے مقابلے میں تین گنا زیادہ بڑھنے کا امکان ہے، جس سے برفانی علاقوں کے پگھلاؤ اور سمندری سطح بلند ہونے کے خطرات مزید بڑھ جائیں گے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر گرین ہاؤس گیسوں کے اخراج میں کمی نہ کی گئی تو دنیا کو مزید شدید موسمی بحران، خوراک کی قلت، پانی کی کمی اور قدرتی آفات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل