Thursday, May 28, 2026
 

ٹک ٹاک تنازع خونیں تصادم میں تبدیل، فائرنگ سے 2 نوجوان قتل، 5 زخمی

 



گڈولہ دریا خان روڈ پر فریقین کے درمیان فائرنگ کے نتیجے میں 2 افراد جاں بحق اور 5 افراد شدید زخمی ہوگئے۔ پولیس کے مطابق واقعہ تھانہ صدر بھکر کی حدود میں پیش آیا ۔ ابتدائی تحقیقات میں سامنے آیا ہے کہ ٹک ٹاک اور سوشل میڈیا پر معمولی تنازع خونیں تصادم میں تبدیل ہوگیا۔ ڈی پی او بھکر شہزاد رفیق اعوان کے مطابق فریقین کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں دونوں جانب سے ایک ایک نوجوان جاں بحق ہوا، جن کی شناخت شیراز اور زوہیب کے نام سے ہوئی ہے جبکہ 5 افراد زخمی ہوئے۔  زخمیوں اور لاشوں کو فوری طور پر ڈی ایچ کیو اسپتال منتقل کردیا گیا۔ اسپتال کے ایم ایس ڈاکٹر ہارون طاہر کے مطابق دونوں گروپوں کے حامیوں کی بڑی تعداد اسپتال پہنچ گئی جہاں ایمرجنسی وارڈ کی گیلری میں دوبارہ لڑائی شروع ہوگئی۔ اس دوران چھریوں کے وار سے مزید افراد زخمی ہوئے۔ اس دوران اندھا دھند فائرنگ کے نتیجے میں لڑائی میں زیر علاج ایک زخمی ایمرجنسی وارڈ میں ہی قتل ہوگیا۔ ایم ایس کے مطابق فریقین کی لڑائی کے دوران ایک عام مریض بھی فائرنگ کی زد میں آکر شدید زخمی ہوگیا، جس کے باعث اسپتال عملے اور مریضوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ کشیدہ صورتحال کے باعث اسپتال کی ایمرجنسی کو عارضی طور پر بند کردیا گیا تاہم بعد ازاں حالات قابو میں آنے پر ایمرجنسی بحال کردی گئی اور زخمیوں کا علاج جاری ہے۔ ڈی پی او بھکر نے واقعے کا فوری نوٹس لیا اور اسپتال پہنچ کر زخمیوں کی عیادت کی۔ انہوں نے بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ پولیس نے بروقت ریسپانس دیتے ہوئے صورتحال کو کنٹرول کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ واقعے میں ملوث ملزمان کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جارہے ہیں ۔ انہیں جلد قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ انہوں نے شہریوں اور نوجوانوں سے اپیل کی کہ سوشل میڈیا تنازعات کو برداشت، تحمل اور قانون کے دائرے میں رہ کر حل کیا جائے۔ پولیس کے مطابق جاں بحق افراد کی لاشوں کا پوسٹ مارٹم مکمل کرلیا گیا ہے۔ ممکنہ کشیدگی کے پیش نظر نماز جنازہ کے دوران بھی پولیس نفری تعینات ہوگی جبکہ فریقین کے گھروں کے باہر بھی سیکیورٹی بڑھا دی گئی ہے۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل