Loading
اسپین نے لبنان پر اسرائیل کی مسلسل اور شدید بمباری پر سخت ردعمل دیتے ہوئے اسرائیلی اقدامات کو بین الاقوامی قوانین کے خلاف قرار دیا ہے۔
اسپین کے وزیر خارجہ ہوزے مینوئل الباریس نے کہا ہے کہ اسرائیل کو یہ تسلیم کرنا ہوگا کہ جس طرح اسرائیل کو اپنی ریاست اور امن و سلامتی کے ساتھ رہنے کا حق حاصل ہے، اسی طرح فلسطینی اور لبنانی عوام کو بھی اپنی آزاد ریاست اور پرامن زندگی گزارنے کا برابر حق حاصل ہے۔
ہسپانوی وزیر خارجہ نے یہ بیان قبرص میں یورپی یونین کے وزرائے خارجہ کے اجلاس میں شرکت سے قبل صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے دیا۔ انہوں نے اسرائیل کی جانب سے جنوبی لبنان کو جنگی علاقہ قرار دینے اور وہاں کے تمام شہریوں کو علاقہ خالی کرنے کے احکامات کو مکمل طور پر ناقابل قبول قرار دیا۔
ہوزے مینوئل الباریس کا کہنا تھا کہ شہری آبادیوں کو نشانہ بنانا اور لوگوں کو اپنے گھروں سے نقل مکانی پر مجبور کرنا بین الاقوامی قوانین اور انسانی حقوق کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ مشرق وسطیٰ میں پائیدار امن کے لیے تمام فریقوں کے حقوق کا احترام ضروری ہے۔
اسپین کے اس بیان کو یورپی سطح پر اسرائیلی کارروائیوں کے خلاف بڑھتی ہوئی تشویش کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔ حالیہ دنوں میں لبنان میں اسرائیلی حملوں کے باعث انسانی بحران مزید سنگین ہوگیا ہے جبکہ امدادی ادارے صورتحال کو خطرناک قرار دے رہے ہیں۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل