Sunday, May 31, 2026
 

پی ایس جی کی جیت پر ہنگامہ آرائی، پیرس کی سڑکوں پر پولیس اور مظاہرین میں جھڑپیں، سیکڑوں گرفتار

 



یورپین فٹبال کی سب سے بڑی ٹرافی جیتنے کی خوشی فرانس کے دارالحکومت پیرس میں کئی مقامات پر ہنگامہ آرائی میں تبدیل ہوگئی جہاں پیرس سینٹ جرمین (پی ایس جی) کے ہزاروں مداح سڑکوں پر نکل آئے اور بعض علاقوں میں پولیس کے ساتھ شدید جھڑپیں ہوئیں۔ چیمپئنز لیگ کے فائنل میں شاندار کامیابی کے بعد شہر بھر میں جشن کا سماں تھا تاہم رات گزرنے کے ساتھ صورتحال کشیدہ ہوگئی۔ مشتعل افراد نے مختلف مقامات پر املاک کو نقصان پہنچایا گاڑیوں اور کاروباری مراکز کو نشانہ بنایا جبکہ پولیس کو حالات قابو میں رکھنے کے لیے بھرپور کارروائی کرنا پڑی۔ فرانسیسی وزارتِ داخلہ کے مطابق ہنگامہ آرائی اور بدامنی کے واقعات کے دوران 416 سے زائد افراد کو حراست میں لیا گیا۔ سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر ملک بھر میں 22 ہزار جبکہ صرف پیرس میں 8 ہزار پولیس اہلکار تعینات کیے گئے تھے۔ پولیس حکام کے مطابق جھڑپوں کے دوران کم از کم ایک پولیس اہلکار زخمی ہوا جبکہ چھ گاڑیوں اور دو تجارتی مراکز کو نقصان پہنچا۔  بعض شائقین نے پیرس کی مشہور رنگ روڈ (پیریفیرک) پر بھی دھاوا بول دیا جس کے باعث ٹریفک کا نظام متاثر ہوا اور کئی مقامات پر فلیئرز جلائے گئے۔ صورتحال کو کنٹرول کرنے کے لیے متعدد ٹرام سروسز معطل کئی میٹرو اسٹیشن بند اور بعض علاقوں میں بس سروس بھی روک دی گئی۔ پی ایس جی کی تاریخی کامیابی نے جہاں لاکھوں مداحوں کو خوشی دی وہیں جشن کے دوران پیش آنے والے پرتشدد واقعات نے انتظامیہ کے لیے نئی مشکلات کھڑی کر دیں۔ شہر کے مختلف حصوں میں رات بھر سیکیورٹی فورسز اور مشتعل افراد کے درمیان آنکھ مچولی جاری رہی، جبکہ حکام نے مزید گرفتاریوں کا امکان بھی ظاہر کیا ہے۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل