Sunday, May 31, 2026
 

کراچی، مختلف علاقوں میں پولیس مقابلے، 6 زخمیوں سمیت 7 ملزمان گرفتار

 



شہر قائد کے مختلف علاقوں میں پولیس اور جرائم پیشہ افراد کے درمیان ہونے والے مبینہ مقابلوں کے دروان 6 زخمیوں سمیت 7 ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق نیو کراچی کے سیکٹر 5-E میں ارم گراؤنڈ کے قریب بلال کالونی پولیس اور مسلح ڈاکوؤں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ ترجمان ضلع سینٹرل پولیس کے مطابق پولیس کو دیکھتے ہی موٹرسائیکل سوار مشتبہ افراد نے فائرنگ کردی جس پر جوابی کارروائی میں ایک ملزم زخمی ہوگیا۔ زخمی ملزم کی شناخت عاقب ولد سلیم کے نام سے ہوئی جس کے قبضے سے 30 بور پستول اور 3 زندہ راؤنڈ برآمد کیے گئے۔ اس کا ساتھی رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہوگیا جبکہ زخمی ملزم کو عباسی شہید اسپتال منتقل کردیا گیا۔ پولیس ملزم کا مجرمانہ ریکارڈ چیک کر رہی ہے۔ دوسری جانب تیموریہ تھانے کی حدود میں بلاک این، پشاوری آئس کریم کے قریب سروس روڈ پر مبینہ پولیس مقابلے کے دوران دو مبینہ اسٹریٹ کرمنلز زخمی حالت میں گرفتار کر لیے گئے۔ پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کی شناخت عبداللہ عرف عبدل عرف عمر اور محمد حسن کے نام سے ہوئی ہے۔ ملزمان کے قبضے سے دو پستول، لوڈ میگزین، ایک موبائل فون اور دو موٹرسائیکلیں برآمد ہوئیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ برآمد ہونے والی موٹرسائیکلیں تیموریہ اور سرسید تھانوں کی حدود سے چھینی گئی تھیں۔ ملزمان کے کریمنل ریکارڈ اور برآمد شدہ سامان کی جانچ جاری ہے۔ ادھر رضویہ سوسائٹی پولیس نے جہانگیر آباد، ناظم آباد نمبر ایک کے قریب کارروائی کرتے ہوئے اسٹریٹ کرائم میں ملوث ملزم ارمان حسین ولد اشتیاق حسین کو گرفتار کرلیا۔ ملزم کے قبضے سے 30 بور پستول، لوڈ میگزین، 3 زندہ راؤنڈ، 400 روپے نقدی اور ایک موٹرسائیکل برآمد ہوئی۔ پولیس کے مطابق موٹرسائیکل تھانہ گلبرگ میں درج چوری کے مقدمے میں مطلوب تھی۔ ریکارڈ کے مطابق ملزم کے خلاف ماضی میں بھی متعدد مقدمات درج ہیں۔ پولیس نے مقابلے اور اسلحہ ایکٹ کے تحت مقدمات درج کرکے مزید تفتیش شروع کردی ہے۔علاوہ ازیں ترجمان ضلع شرقی پولیس کے مطابق شاہراہ فیصل تھانے کی حدود میں بلاک 9 کے قریب پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان مقابلے کے نتیجے میں 2 زخمیوں سمیت 3 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔ زخمیوں کی شناخت آصف اور شہزیب جبکہ تیسرے کی  اسد کے نام سے ہوئی۔ جبکہ ملزمان کا چوتھا ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔ پولیس نے گرفتار ملزمان کے قبضے سے 3 پستول، گولیاں اور ایک موٹرسائیکل برآمد کرلی۔ زخمی ملزمان کو طبی امداد کے لیے  جناح اسپتال منتقل کردیا گیا جبکہ مزید تفتیش جاری ہے۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل