Loading
ڈیفنس میں 2 گاڑیوں کے درمیان تصادم کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق اور تین خواتین سمیت 5 افراد زخمی ہوگئے جن میں ایک غیرملکی بھی شامل ہے۔ لیاری ایکسپریس وے پرموٹرسائیکل سوار کو بچاتے ہوئے ہائی روف گاڑی کھمبے سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں ایک نوجوان جاں بحق اور 2 افراد شدید زخمی ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق اتوار کی صبح درخشاں تھانے کے علاقے ڈیفنس فیز 6 خیابان بدر شاہین کراس بحریہ کے قریب 2 تیز رفتار گاڑیوں کے درمیان تصادم کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق اور تین خواتین سمیت 5 افراد زخمی ہوگئے جنہیں فوری طور پر چھیپا ایمبولینس کے ذریعے جناح اسپتال منتقل کردیا گیا۔
حادثے میں زخمی ہونے والوں میں ایک غیرملکی بھی شامل ہے،حادثے کے نتیجے میں دونوں گاڑیوں کو شدید نقصان پہنچا، حادثے میں جاں بحق ہونے والے شخص کی شناخت 40 سالہ شہزاد کے نام سے کی گئی جبکہ زخمیوں میں 22 سالہ بلال ولد رمضان، 25 سالہ عینی، 20 سالہ علشبہ، 45 سالہ میکسم اور ایک 35 سالہ نامعلوم شہری شامل ہیں۔
ایس ایچ او درخشان راشد علی کے مطابق حادثے میں جاں بحق ہونے والا شہزاد اورزخمی خواتین سمیت 4 افراد کرولا گاڑی میں سوار تھے جبکہ زخمی شہری میکسم روسی قونصیلٹ کا ملازم ہے جو سیاہ رنگ کی گاڑی میں سوار تھا۔
ایس ایچ او نے بتایا کہ بظاہر معلوم ہوتا ہے کہ روسی قونصلیٹ کے ملازم کی گاڑی نے دوسری گاڑی کو ہٹ کیا ہے جس کے باعث حادثہ پیش آیا، پولیس واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کرنے کی کوشش کر رہی تاکہ حادثے کی وجوہات کا علم ہوسکے۔
رینٹ اے کار کا مالک محسن کے مطابق حادثے میں جاں بحق شہزاد پیشے کے اعتبار سے ڈرائیور تھا، شہزاد 2 بچوں کا باپ اورگزری کا رہائشی جبکہ آبائی تعلق لیاقت پور سے تھا، شہزاد سواری لیکر کھڈا مارکیٹ سے شہباز کمرشل کی طرف جا رہا تھا حادثہ پیش آگیا۔
پاک کالونی تھانے لیاری ایکسپریس وے کے قریب ہائی روف گاڑی حادثے کا شکارہوگئی جس کے نتیجے میں ہائی روف چلانے والا ایک نوجوان جاں بحق اور 2 نوجوان زخمی ہوگئے، جنہیں فوری طور پر سول اسپتال منتقل کردیا گیا۔ حادثے میں جاں بحق نوجوان کی شناخت 25 سالہ طفیل ولد نصیب اور زخمیوں کی شناخت 25 سالہ جنید ولید عبدالشکوراور 35 سالہ افتخارولد عبدالعزیزکے ناموں سے کی گئی۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل