Monday, June 01, 2026
 

کراچی میں بجلی بحران؛ الیکٹرک بس سروس متاثر،  روٹس  معطل ہونے کا خدشہ

 



کراچی میں جاری غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کے اثرات اب شہری ٹرانسپورٹ نظام پر بھی نمایاں ہونے لگے ہیں، جہاں بجلی کی عدم دستیابی کے باعث الیکٹرک بس سروس جزوی طور پر متاثر ہو گئی ہے۔ نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق صورتحال کے باعث بعض روٹس پر معمول کے آپریشنز برقرار رکھنے میں مشکلات پیش آ رہی ہیں۔ پیپلز بس سروس کی انتظامیہ کے مطابق گزشتہ 3 روز سے مہران ڈپو کو بجلی کی فراہمی معطل ہے، جس کے نتیجے میں الیکٹرک بسوں کو چارج کرنے کا عمل متاثر ہوا۔ اس مسئلے کے باعث انتظامیہ نے عارضی طور پر ای وی بسوں کے متبادل کے طور پر ہائبرڈ بسیں مختلف روٹس پر چلانا شروع کر دی ہیں تاکہ مسافروں کو کم سے کم دشواری کا سامنا کرنا پڑے۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ای وی ون روٹ ملیر کینٹ سے سی ویو تک جبکہ ای وی تھری روٹ ملیر کینٹ سے نمائش تک سروس فراہم کرتا ہے۔ اسی طرح آر ون پنک بس سروس کھوکھرا پار سے ڈاکیارڈ تک چلائی جاتی ہے۔ یہ تمام روٹس مہران ڈپو سے آپریٹ ہوتے ہیں اور بنیادی طور پر الیکٹرک بسوں کے لیے مختص ہیں۔ بس سروس حکام نے خبردار کیا ہے کہ اگر مہران ڈپو کو بجلی کی فراہمی جلد بحال نہ کی گئی تو ان روٹس پر سروس جاری رکھنا مشکل ہو جائے گا اور انتظامیہ کو آپریشن معطل کرنے کا فیصلہ کرنا پڑ سکتا ہے، جس سے روزانہ سفر کرنے والے ہزاروں شہری متاثر ہو سکتے ہیں۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل